ہائیکورٹ نے بہاء الدین زکریا یونیورسٹی لاہور کیمپس عبوری طور پر کھولنے کا حکم دیدیا
لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی لاہور کیمپس کو عبوری طور پر کھولنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے لاہور کیمپس میں مزید داخلے نہ کرنے کے بھی احکامات صادر کر دئیے۔ عدالتی حکم پر بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے لاہور کیمپس کے تمام طلبہ کا ریکارڈ عدالت میں پیش کر دیا۔ چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمشن ڈاکٹر مختار احمد اور سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نسیم نواز نے سب کیمپس کی نجی انتظامیہ کی جانب سے کیمپس کی عمارت استعمال کرنے کی پیش کش سے متعلق عدالت کو آگاہ کیا۔ طلبہ کے وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ لاہور کیمپس میں داخلہ لینے والے طالبعلم ملتان جا کر تعلیم حاصل نہیں کر سکتے۔ جس پر عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ طلبہ کا مستقبل ہر صورت محفوظ بنایا جائے گا۔ عدالت احکامات پر عمل درآمد کرائے گی۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ یونیورسٹی سینڈیکیٹ نے لاہور کیمپس کو معطل کیا ہے بند نہیں کیا۔ مزید سماعت 6 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔