قومی کرکٹرز کی بھر پور پریکٹس بھارت کھیلنے سے خوفزدہ ہے : سرفراز
لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان چار ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ آج ٹرینیڈا ڈ میں کھیلا جائےگا۔ میچ رات ساڑھے نو بجے شروع ہوگا۔ کھلاڑیوں نے کوچز کی زیر نگرانی مختلف ورزشیں کیں ‘بعدمیں نیٹ پریکٹس کے دوران بیٹنگ ‘باﺅلنگ اور فیلڈنگ کی پریکٹس کی ۔ کیچ کی پریکٹس بھی کی گئی ۔کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ شاید بھارت خوفزدہ ہے اس لئے ہمارے ساتھ کرکٹ نہیں کھیلتا۔ کامران اکمل اور میں ایک دوسرے کیلئے خطرہ نہیں ہیں۔۔دوسرا میچ جیت کر برتری حاصل کرنے کی کوشش کرینگے ۔ ویسٹ انڈیز اپنے میدان پر سخت حریف ثابت ہوئی ہے ، عالمی چیمپئن کم بیک کرسکتی ہے ۔ کامیابی کیلئے حکمت عملی بنالی ہے ۔ پاکستان کے ہائی کمشنر طارق عظیم نے قومی کرکٹ ٹیم سے ملاقات کی اور ان کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس میں کپتان سرفراز سمیت کھلاڑی اور ٹیم مینجمنٹ نے شرکت کی۔ طارق عظیم نے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ فتح سے ہمکنار ہوکر ملک وقوم کا نام روشن کرے گی۔