مودی سرکار بھارتی کرکٹ بورڈ کو پاکستان سے سیریز کی اجازت دینے سے انکار
لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر)بھارتی وزارتِ داخلہ نے قومی کرکٹ ٹیم کو پاکستان کےخلاف دبئی میں کرکٹ سیریز کھیلنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔بورڈ آف کرکٹ کنٹرول انڈیا نے ایک خط کے ذریعے حکومت سے پاکستان کےخلاف سیریز کھیلنے کی اجازت مانگی تھی۔ بھارتی وزیرِ مملکت برائے داخلہ ہنس راج اہر گنگا رام نے کہا کہ اس وقت جو صورت حال ہے اس میں پاکستان کےساتھ کرکٹ سیریز کھیلنا ممکن نہیں۔ بھارتی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ پاکستان بھارت سیریز کے حالات سازگار نہیں ہیں اس لئے پاکستان کے ساتھ کھیلنے کی فی الحال اجازت نہیں دے سکتے۔ نومبر میں پاک بھارت سیریز نہیں ہورہی۔چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے سیریز نہ ہونے پر بھارت کیخلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کااعلان کیا تھا جبکہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاک بھارت سیریز نیوٹرل مقام پر کھیلنے کیلئے حکومت کو خط لکھا تھا۔ شہریار نے بھارتی بورڈکی جانب سے اپنی حکومت کو پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے درخواست سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے بی سی سی آئی کے اقدام کو آئی سی سی کے خوف سے تعبیر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بی سی سی آئی نے سیریز کے حوالے سے تاحال کوئی رابطہ نہیں کیا ہے۔ شاید آئی سی سی کی کارروائی کے خوف سے بی سی سی آئی نے پاکستان سے سیریز کھیلنے کی تیاری کی تھی۔ پاکستان کے ساتھ ویمنز سیریز نہ کھیلنے پر آئی سی سی نے کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے پوائنٹس کاٹ دیے تھے۔ معاہدے کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کو 2014 میں سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کرنا تھا لیکن سیریز ختم کردی گئی تھی۔جس کے بعد پاکستانی ٹیم بھی بھارت نہیں گئی تھی۔پی سی بی کے چیئرمین شہر یار خان نے معاہدے پر دستخط کرنے کے باوجود سیریز نہ کھیلنے پر بی سی سی آئی کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کردیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے ایم او یو پر دستخط کیے لیکن سیریز نہیں کھیلی جس کا نقصان پورا کیا جائے اور بورڈ آف گورنرز نے اس حوالے سے قانونی چارہ جوئی کی منظوری دے دی ہے۔پاکستان نے 2015 میں آئی سی سی کی بگ تھری کی مشروط حمایت کی تھی جس کے بدلے بی سی سی آئی نے سیریز کھیلنے کا معاہدہ کیا تھا۔ آئی سی سی نے حال ہی میں بگ تھری ختم کرنے کی منظوری دی ہے جس کا باقاعدہ فیصلہ اپریل میں کیا جائے گا۔