پی ایچ ایف نے ایشین ہاکی فیڈریشن کے اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا
لاہور(چودھری اشرف) پاکستان ہاکی ٹیم کو اذلان شاہ کپ ٹورنامنٹ میں شامل نہ کرنے پر پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ایشین ہاکی فیڈریشن کے اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری اولمپئن شہباز احمد سینئر نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ پاکستان ٹیم کے ورلڈ کپ کوالیفائنگ را¶نڈ کی تیاری کے لئے بڑی اہمیت کا حامل تھا تاہم جان بوجھ کر پاکستان ٹیم کو ٹورنامنٹ سے باہر کیا گیا ہے جس پر ہم نے ایشین ہاکی فیڈریشن میں بھی معاملہ اٹھایا تھا کہ وہ اس سلسلہ میں اپنا کردار ادا کرئے تاہم اے ایچ ایف کی جانب سے اس سلسلہ میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کی کوئی مدد نہیں کی ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایشین ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے ایونٹس اور کوچنگ پروگراموں میں بھی اپنے کوچز اور امپائرز کو شرکت سے روک دیا ہے۔ سیکرٹری پی ایچ ایف شہباز سینئر کا کہنا تھا کہ جب تک پاکستان ہاکی کی عزت نہیں ہو گی ہمارا بائیکاٹ جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی ٹیم کی ورلڈ کپ کوالیفائنگ راونڈ کی تیاری کے لئے پی ایچ ایف نے پورا پلان تیار کر رکھا ہے۔ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے دورہ کے بعد قومی ٹیم کو انگلینڈ میں ورلڈ کپ کوالیفائنگ راونڈ کی تیاری کا موقع فراہم کیا جائے گا جہاں مختلف یورپی ٹیموں کے ساتھ میچز کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔