• news

مادر وطن کے دفاع کیلئے سپیشل سروسز گروپ کی خدمات قابل قدر ہیں: نیول چیف

کراچی (این این آئی) پاک بحریہ نے بدھ کو اپنے سپیشل سروس گروپ جنہیں نیول کمانڈوز بھی کہا جاتا ہے، کی گولڈن جوبلی منائی۔ تقریب کے مہمان خصوصی چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ تھے۔ اس موقع پر مختلف سر گرمیوں کا انعقاد کیا گیا جن میں سپیشل سروس گروپ (نیوی) کی تاریخ پر مبنی کتاب کی رونمائی اور فائر پاور کا مظاہرہ شامل تھا جس میں سپیشل سروس گروپ (نیوی) نے دہشت گردی کی روک تھام، یرغمالیوں کو چھڑانے اور ریسکیو آپریشنز کی خصوصی مہارتوں کا مظاہرہ کیا اور دشمن کے ہدف پر حملہ کرنے کی مشقیں بھی کیں۔ سپیشل سروس گروپ (نیوی) آہنی جوانوں پر مشتمل فورس ہے جو اعلیٰ تربیت یافتہ ہیں اورآتشیں گولہ بارود سے لیس ہونے کے ساتھ ساتھ منفرد ذہنی صلاحیتوں کے حامل ہوتے ہیں۔ ایس ایس جی (نیوی) پاک بحریہ کو نہ صرف مزاحمتی صلاحیت فراہم کرتے ہیں بلکہ دشمن کے لئے جارحانہ دفاعی قوت کے فرائض بھی سر انجام دیتے ہیں۔ نیول چیف نے مادرِ وطن کے دفاع کی خاطر سپیشل سروس گروپ(نیوی) کے شہدائ، غازیوں اور شہداء کے اہل خانہ کی قابلِ قدر اور شاندار خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ نیول چیف نے کہا کہ موجودہ دور میں روایتی آپریشزکی ہیئت اور طریقہ کار میں تبدیلی کی وجہ سے سپیشل آپریشنز فورسزکا کردار نہایت اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن