• news

سندھ حکومت نے کرپشن کے خاتمہ کیلئے پنجاب سے مدد مانگ لی

لاہور (میاں علی افضل سے) حکومت سندھ نے اپنے صوبہ سے کرپشن کے خاتمے کے لئے پنجاب سے مدد مانگ لی ہے۔ اس حوالے سے چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر) زاہد سعید کو چیف سیکرٹری سندھ کی جانب سے خط لکھا گیا جس میں ملکر کام کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا گیا ہے۔ چیف سیکرٹری سندھ کی جانب سے چیف سیکرٹری پنجاب کو خط لکھاگیا جس میں کہا گیا ہے کہ حکومت سندھ پنجاب میں پنجاب آئی ٹی بورڈ کے تعاون سے کامیابی سے چلنے والے اینٹی کرپشن مینجمنٹ سسٹم پنجاب جیسا سسٹم بنانے کے حوالے سے پلاننگ کررہی ہے۔ چند ماہ قبل سندھ حکومت کے وفد کی دورئہ پنجاب کے دوران پنجاب کے اینٹی کرپشن کیس مینجمنٹ سسٹم کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی تھی جسے بہت زیادہ پسند کیا گیا اور سندھ کے لئے نہایت مفید قرار دیا گیا ہے۔ چیف سیکرٹری سندھ نے اینٹی کرپشن سندھ کے عملہ کی ٹریننگ کی خواہش کا بھی اظہار کیا اور کہا گیا کہ پنجاب کی جانب سے سٹاف کی ٹریننگ اور سافٹ ویئر دینے پر سندھ حکومت کو وقت اور وسائل کی بچت ہوگی اور دو صوبوں میں ایک ہی سافٹ ویئر کے استعمال سے ایک دوسرے کے تجربات سے بھی فائدہ اٹھا سکیں گے جو مستقبل میں دونوں صوبوں کے لئے فائدہ مند ثابت ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن