الطاف کو چھوڑنا بڑی قربانی، حکومت مقدمات ختم کر دے: فاروق ستار
اسلام آباد (آن لائن) متحدہ قومی مومنٹ( پاکستان) کے سربراہ فاروق ستار نے کہا ہے کہ سیاست کرنیوالے تقسیم نظر آتے ہیں، ووٹ دینے والے نہیں، حکومت سے چاہتے ہیں کہ 22اگست کے مقدمات ختم کئے جائیں ، الطاف حسین کیساتھ اتنی لمبی رفاقت کو چھوڑنا بڑی قربانی ہے ، 30فیصد ورکرز کی بانی قائد سے جذباتی وابستگی اب بھی ہے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کسی بھی نظریہ دینے والے کے ساتھ جذباتی وابستگی ہواکرتی ہے۔ الطاف حسین سے اتنی لمبی رفاقت کو چھوڑنا بڑی قربانی ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہم ورکرز کی ڈی بریفنگ کررہے ہیں۔ انہوں نے 30فیصد ورکرز کی بانی قائد سے جذباتی وابستگی کابھی اعتراف کیا ۔فاررق ستار کا کہناتھا ایم کیو ایم کراچی کے مسائل کو اچھی طرح سمجھتی ہے۔ ہمارے پلیٹ فارم پر 22 سو کے قریب بلدیاتی نمائندے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا مجھے شایدیہ پیغام دیاگیاکہ آپ کوجب چاہے گرفتارکریں جب چاہے چھوڑدیں،میں نے اپنی جان نہیں بچائی ہم صرف پالیسی چاہتے ہیں۔ یوم تاسیس کامیابی کا پیمانہ نہیں ،وہ ورکرز کنونشن تھا ۔انہوں نے کہا ہم حکومت سے اور کچھ نہیں چاہتے بس وہ ہمارے خلاف 22اگست والے مقدمات ختم کردے تو مہربانی ہو گی ۔