شادی شدہ لڑکی نے آشنا سے ملکر باپ کو گلا دبا قتل کردیا
فیروز والا (نامہ نگار) برے کاموں سے منع کرنے پر خاتون نے آشنا اور ساتھی سے ملکر اپنے باپ کو مار ڈالا۔ بعد میں ملزمہ نے واقعہ کو اتفاقیہ حادثہ قرار دینے کی کوشش کی۔ کوٹ عبدالمالک کے 45 سالہ اشرف نے اپنی شادی شدہ بیٹی رابعہ بی بی کو سختی سے منع کیا کہ غلط کاموں سے باز رہے جس نے آشنا عدنان سے ملکر اپنے باپ اشرف کے گلے میں پھندا ڈال کر ہلاک کیا۔ بعد میں رشتہ داروں اور بہن بھائیوں کو اطلاع دی کہ باپ کا پراسرار طور پر انتقال ہوگیا۔ حالات کو مشکوک دیکھ کر پولیس کو اطلاع دیدی گئی جس نے نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال بھیج دیا۔ میڈیکل رپورٹ میں اشرف کی ہلاکت گلا دبانے سے ہوئی جس پر پولیس نے مقتول کی بیٹی رابعہ بی بی، آشنا عدنان اور یوسف وغیرہ کے خلاف قتل کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔