صوبوں کی طرح آزاد کشمیر کو بھی اختیارات کی منتقلی یقینی بنائینگے: برجیس طاہر
سانگلاہل (آصف محمود نظامی) وفاقی وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہر نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے تحت صوبوں کو حاصل اختیارات کی طرز پر آزاد کشمیر کو اختیارا ت کی منتقلی کو یقینی بنایا جائے گا، وزیراعظم نواز شریف آزادکشمیر کی تعمیر وترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے آزاد کشمیر کو آئینی و معاشی لحاظ سے مزید مستحکم کرنے کیلئے ایک آئینی کمیٹی قائم کی جس نے اپنا کام تیزی سے شروع کر دیا ہے، اختیارات کے معاملے پر قائم آئینی کمیٹی، آزادکشمیر حکومت کی جانب سے پیش کئے گئے تمام اُمور کا باریک بینی سے جائز ہ لینے کے بعد سفارشات مرتب کرکے منظوری کیلئے وزیر اعظم کو پیش کرے گی، وہ وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر کی سربراہی میں آزادکشمیر حکومت کی جانب سے اختیارات کے معاملے پر بریفنگ کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے، آزاد کشمیر حکومت کے سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق، وزیر خزانہ ڈاکٹر نجیب نقی، وزیر تعلیم سید افتخار علی گیلانی اور ممبر اے جے کے کونسل عبدالخالق وصی کے علاوہ وزارت اُمور کشمیر و گلگت بلتستان کے وفاقی سیکرٹری پیر بخش جمالی اور چیف سیکرٹری آزادکشمیر جلال سکندر سلطان سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہاکہ آزادکشمیر حکومت کی گورننس کو مزید بہتر بنانے کیلئے1974ء کے ایکٹ میں ضروری ترامیم لائی جائیں۔