رومانیہ کا پاک چین اقتصادی راہداری میں شمولیت کی خواہش کا اظہار
اسلام آباد (آن لائن) یورپی ملک رومانیہ نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے میں شمولیت کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور رومانیہ دونوں کا 100ملین ڈالر سے زائد تجارت کا حجم ہے، سی پیک میں شمولیت اختیار کرنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔ اسلام آباد میں سٹرٹیجک ویژن انسٹی ٹیوٹ میں خطاب کرتے ہوئے رومانیہ کے سفیر نکولے گویا نے کہا کہ ہم سوچ رہے ہیں کہ رومانیہ کو پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں کس طرح شامل کیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ پاکستان کے ساتھ سیاسی ،معاشی ،ثقافتی اور سائنسی شعبوں میں مضبوط باہمی تعلق ہے اور دونوں ممالک کے درمیان 100ملین ڈالر سے زائد مالیت کے تجارتی تعلقات ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت ،معاشی تعلقات اور دفاعی معاہدے کرنے کے لئے کام کر رہے ہیں۔