• news

سیالکوٹ، قصور: قتل کے دو ملزموں کو سزائے موت، 7 بری

سیالکوٹ+قصور (نامہ نگاران) ایڈیشنل سیشن جج سیالکوٹ محمد ندیم انصاری نے تھانہ سٹی ڈسکہ کے مقدمہ قتل کے ایک ملزم کو سزائے موت اور تین کو بری کر دیا۔ عدالت نے ملزم غلام عباس بٹ کو سزائے موت اور دو لاکھ روپے جرمانہ بطور معاوضہ مقتول کے ورثاء کو ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ جرمانہ ادا نہ کرنے پر مجرم غلام عباس بٹ کو چھ ماہ قید بھگتنا ہو گی۔عدالت نے اسی مقدمہ میں ملوث تین ملزمان ذیشان عرف شانی، اشرف عرف مٹھو اور امداد علی کو جرم ثابت نہ ہونے پر بری کر دیا۔ استغاثہ کے مطابق ملزمان نے 22ستمبر 2013ء کو جائیداد کے تنازعہ پر فائرنگ کرکے گھر میں سوئے ہوئے سجاد کو قتل کیا تھا۔ واضح رہے کہ اسی مقدمہ میں ملوث ملزم راشد بٹ عرف راشدی بٹ دوران ٹرائل قتل کر دیا گیا تھا۔ قصور سے نامہ نگار کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج قصور محمد زاہد غزنوی نے بھسر پورہ کے مقدمہ قتل کا فیصلہ سناتے ہوئے ایک ملزم کو سزائے موت اور چار کو جرم ثابت نہ ہونے پر بری کر دیا۔ رقم کے لین دین کے تنازعہ پر ملزمان عمران، کاشف عرف کاشی ،ارشد، رمضان اور عاصم نے فائرنگ کر کے امانت عرف کالی کو ہلاک کر دیا تھا۔ عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے عمران ولد ریاض کو سزائے موت اور ارشد، رمضان، عاصم اور کاشف عرف کاشی کو بری کر دیا۔

ای پیپر-دی نیشن