اقوام متحدہ کے فیصلے تک ترک اساتذہ کو ملک بدر نہیں کیا جائیگا: ہائیکورٹ میں حکومتی یقین دہانی
لاہور (وقائع نگار خصوصی) وفاقی حکومت نے لاہور ہائیکورٹ کو یقینی دہانی کرائی ہے پاکستان میں ترک سکولز کے اساتذہ کو اقوام متحدہ کے فیصلے تک ملک بدر نہیں کیا جائے گا۔ عدالت نے اس یقینی دہانی پر ترک اساتذہ کی درخواست نمٹا دی۔ درخواست گزاروں نے ممکنہ ملک بدری کو چیلنج کیا تھا۔ اٹارنی جنرل نے ترک اساتذہ کو ملک بدر نہ کرنے کی یقینی دہانی کرائی۔ انہوں نے بتایا کہ ترک اساتذہ نے اقوام متحدہ میں پناہ گزین ہونے کی درخواست دیدی ہے اور اقوام متحدہ کے فیصلے تک ترک اساتذہ اور بچوں کو پاکستان سے نہیں نکالا جائیگا۔ اٹارنی جنرل پاکستان نے یہ بھی بتایا کہ رواں سال 26 نومبر تک ترک اساتذہ پاکستان میں رہ سکتے ہیں۔