یو ایچ ایس میں پی ایچ ڈی سکالرز کو غیر معیاری ریسرچ پر درخواست، گورنر سے جواب طلب
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں پی ایچ ڈی سکالرز کو غیر معیاری ریسرچ کرانے کے خلاف دائر درخواست پر یونیورسٹی کے چانسلر گورنر پنجاب سے جواب طلب کر لیا۔ جسٹس عاطر محمود نے سماعت کی۔ درخواست گزار ڈاکٹر قیصر رشید کے وکیل نے عدالت کو بتایا گیا کہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں غیر معیاری ریسرچ اور سائنسنی تحقیقات کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے یونیورسٹی سے ایم فل کرنے والے طالبعلم پی ایچ ڈی کے انٹری ٹیسٹ میں فیل ہو گئے۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور متعدد ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹس کے اپنے ریسرچ پیپر غیر معیاری اور نقل شدہ ہیں جس کے باعث یونیورسٹی میں برائے نام پی ایچ ڈی سکالرز تیار کئے جا رہے ہیں۔ علمی بے ضابطگیوں سے متعلق یونیورسٹی کے چانسلر گورنر پنجاب کو درخواست دی مگر گورنر پنجاب نے درخواست مسترد کر دی۔ سرکاری وکیل نے گورنر کی جانب سے جواب داخل کراتے ہوئے کہا کہ آئین کے آرٹیکل ایک سو پانچ کے تحت گورنر وزیر اعلی کی ایڈوائس کے بغیر درخواست پر فیصلہ نہیں کر سکتے۔ جس پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت گورنر کو چانسلر کی حیثیت سے اختیارات استعمال کرتے ہوئے کسی ایڈوائس کی ضرورت نہیں۔ عدالت کو آگاہ کیا جائے کہ گورنر نے کس بنیاد پر درخواست مسترد کی۔ عدالت نے یونیورسٹی چانسلر گورنرپنجاب سے 18 اپریل کو تفصیلی رپورٹ مانگ لی۔