• news

چیف سیکرٹری یا سیکرٹری صحت پنجاب میں سے ایک کو گھر چلے جانا چاہیے: جسٹس عباد الرحمن

راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس عبادالرحمن لودھی نے قرار دیا ہے کہ چیف سیکرٹری پنجاب کے احکامات پرصوبائی سیکرٹری صحت کے عملدرآمد نہ کرنے کی صورتحال تشویشناک ہے پنجاب میں انتظامی معاملات کیسے چل رہے ہیں۔ صوبے میںچیف سیکرٹری سب سے بڑا انتظامی افسر ہے اگر اس کے احکامات نہیں مانے جاتے تو پھر کس کے مانیں گے اس صورتحال میں چیف سیکرٹری یا سیکرٹری صحت میں سے ایک کو گھرچلے جانا چاہئے۔ فاضل عدالت نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کو 5 اپریل کو رپورٹ دینے کی ہدائت کردی۔ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ضلع اٹک کی طرف سے 2001ء سے 2008ء کے عرصہ میںبے قاعدگیوں اور سرکاری اراضی کی خوردبرد کے بیانات کے بعد پچھلے سال 8 جون کو چیف سیکرٹری پنجاب کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ معاملے کا نوٹس لیں اور تحقیقات کرائیں جس کی رپورٹ15 یوم میں طلب کی گئی۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے دو مرتبہ سیکرٹری صحت کو حکم دیا کہ وہ معاملے کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کریں لیکن انہوں نے عمل نہیں کیا ۔

ای پیپر-دی نیشن