• news

حکمران لوٹ کھسوٹ کے ماسٹر مائنڈ‘ عوام کو کرپشن کیخلاف ردالفساد کرنا ہو گا: سراج الحق

لاہور+ گوجرانوالہ (خصوصی نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہاہے کہ عوام آئندہ انتخابات میں سیاسی و معاشی دہشت گردی کا محاسبہ کریں ۔ کرپٹ اشرافیہ نے پاکستان کو کنگال اور عالمی بھکاری بنادیا ، نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں ، اقتدار ملا تو ملک کو خوشحالی و ترقی کی راہ پر گامزن کردیں گے ۔ تعلیم مفت ، اشیائے صرف کی قیمتوں میں کمی ، پانچ بیماریوں کا مفت علاج معالجہ کریں گے ۔ قوم کا بچہ بچہ جانتاہے کہ حکمرانوں نے کرپشن میں سپیشلائزیشن کر رکھی ہے ، لوٹ کھسوٹ او ر ڈکیتی کے ماسٹر مائنڈ ہیں، حکمرانوں نے صوفے بھی نوٹوں سے بھر رکھے ہیں، ملک کو مالی اور اخلاقی کرپشن سے بچانا ہے ۔ ردالفساد کے نتیجہ میں بہتری آئی مگر کرپشن کیخلاف فوج ، رینجرز اور پولیس آپریشن نہیں کرسکتی۔معاشی اور سیاسی دہشت گردوں کے خلاف عوام کو ردالفساد کرناہوگا۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ اسلامیہ کالج سول لائنز میں اسلامی جمعیت طلبہ کے زیراہتمام سالانہ عشائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوںنے کہاکہ ملک پر 70 ارب ڈالر بیرونی قرضہ ہے جبکہ سینکڑوں ارب ڈالر پاکستان سے باہر غیر ملکی بنکوں میں پڑے ہیں ، جس سے ثابت ہوتاہے کہ پاکستان کے پاس بے پناہ وسائل ہیں لیکن کرپٹ حکمرانوں کی بدولت عوام مفلو ک الحال ، پاکستا ن بدحال جبکہ حکمران خوشحال سے خوشحال تر ہوتے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کرپٹ اور بددیانت حکمرانوں نے ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرح پاکستان کو چراگاہ بنارکھاہے ۔ حکمران عالمی استعمار اور امریکہ کی غلامی کا طوق گلے سے اتارنے کے لیے تیار نہیں ۔ اقتدار میں آ کر پائی پائی کا حساب لیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ نوجوان قوم کا مستقبل ہیں ۔ نوجوانوں کے لیے روزگار کے دروازے کھولیں گے ۔ عوام تعلیم، صحت ، بے روزگاری ، مہنگائی کے ہاتھوں پریشان ہیں مگر حکمران سب اچھا کی گردان کررہے ہیں ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ نوجوان ملک سے کرپشن کے خاتمہ کے عظیم الشان آپریشن کے لیے تیار ہو جائیں ۔ کرپٹ ٹولے سے نجات حاصل کیے بغیر غربت ، مہنگائی ، بے روزگاری ، جہالت اور لوڈشیڈنگ جیسی بیماریوں سے جان نہیں چھوٹ سکتی ۔ دریں اثنا گوجرانوالہ میں جماعت اسلامی یوتھ کے رہنما فرقان عزیز بٹ کے والد عبدالعزیز بٹ کے انتقال پر دعائے مغفرت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ ملک میں صنعت وزراعت کا کوئی پرسان حال نہیں۔ مزدور اور کسان فاقہ کشی پر مجبور ہوچکے۔ علاوہ ازیں سراج الحق نے اسلام آباد میں پانی کی قلت کے حوالے سے سینٹ میں قرارداد جمع کرا دی۔

ای پیپر-دی نیشن