• news

افغانستان میں امن پاکستان کی اوّلین ترجیح ہے: اعزاز چودھری

واشنگٹن (نمائندہ خصوصی) امریکہ میں نئے پاکستانی سفیر اعزاز چودھری نے کہا افغانستان میں امن پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔ پاکستان اور امریکہ کی شراکت داری افغانستان میں امن کے علاوہ دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کیلئے ضروری ہے۔ واشنگٹن میں انسٹیٹیوٹ آف پیس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یقین دلایا کہ افغانستان مفاہمتی عمل کیلئے پاکستان پرعزم ہے۔ پاکستان میں دہشت گردوں کی باقیات کے خلاف آپریشنز سے مثبت پیشرفت ہو رہی ہے اور اقتصادی مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ پاکستانی سفیر نے امریکی ارکان کانگریس سے بھی ملاقات کی اور پاکستان کے عالمی، علاقائی ایشوز پر بات چیت کی۔ اعزاز چودھری نے چیئرمین امریکی فارن افیئرز کمیٹی ایڈرائس سے ملاقات کی۔ اعزاز چودھری اور ایڈرائس کے درمیان ملاقات کیپٹل ہل میں ہوئی۔ ملاقات میں پاکستان امریکہ باہمی تعلقات اور علاقائی ترقی پر گفتگو کی گئی۔ ایڈرائس کا شمار سینئر کانگریس مین کے طور پر کیا جاتا ہے جبکہ سیاسی حلقے اس ملاقات کو بہت اہمیت دے رہے ہیں۔ پاک امریکہ بزنس کونسل نے پاکستانی سفیر اعزاز چودھری کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ اعزاز چودھری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں معاشی اور سلامتی کی صورتحال میں بہتری آ رہی ہے۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ اقتصادی لحاظ سے پاک چین راہداری منصوبہ سنگ میل ہے۔ تجارت و سرمایہ کاری سے باہمی تعلقات مزید مضبوط ہو سکتے ہیں۔ سی پیک سے خطے میں ترقی کی نئی راہی کھلیں گی۔ توانائی شعبے میں بڑی تعداد میں سرمایہ کاری ہو رہی ہے۔ سی پیک کے اگلے مرحلے میں نئے اقتصادی زونز قائم کئے جائیں گے۔ اقتصادی زونز امریکی سرمایہ کاروں کیلئے بھی اہم ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن