• news

فیصلے میں فل سٹاپ یا کوما بھی تبدیل نہیں ہو گا‘ سندھ ہائیکورٹ‘ ڈاکٹر عاصم کی رہائی لٹک گئی‘ سرجیل میمن کی حفاظتی ضمانت منظور

کراچی (وقائع نگار+ ایجنسیاں) ڈاکٹر عاصم کی رہائی کےلئے ضمانتی مچلکوں کی تصدیق اور پاسپورٹ کے معاملے پر سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق شاہ نے ان کی درخواست چیف جسٹس کو بھجوا دی اور قرار دیا کہ پہلے سے محفوظ کئے گئے عدالتی فیصلے میں فل سٹاپ کی تبدیلی بھی نہیں کی جا سکتی۔ ڈاکٹر عاصم کے وکیل نے درخواست کی تھی کہ ضمانت منظور ہو چکی ہے۔ ضمانتی مچلکوں کی تصدیق اور پاسپورٹ کے معاملے پر عدالت فیصلہ دے کیونکہ پہلے ہی پاسپورٹ اے ٹی سی عدالت میں ہائی کورٹ کے حکم پر جمع کرایا گیا تھا۔ جسٹس فاروق شاہ کی جانب سے معاملہ دوبارہ چیف جسٹس کو بھجوا دیئے جانے کے بعد ڈاکٹر عاصم کے وکلا قدرے پریشان دکھائی دیئے۔ سابق مشیر پٹرولیم کی رہائی کا معاملہ لٹک گیا ہے۔ وکلا نے ضمانتی مچلکوں کی تصدیق اور پاسپورٹ عدالت میں جمع کرانے کے عدالتی حکم میں ترمیم کےلئے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی اور عدالتی حکم میں ترمیم کر کے ضمانتی مچلکوں کی تصدیق اور ریلیز آرڈر جاری کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔ دوسری جانب سندھ ہائی کورٹ نے پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی اورسابق صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی انہیں 20,20 لاکھ روپے مچلکوںکے عوض ضمانت دیدی گئی۔
ڈاکٹر عاصم

ای پیپر-دی نیشن