::::طاہر القادری کو فون‘ الیکشن سے پہلے پنجاب میں بڑے بڑے برج الٹا دینگے : زرداری
لاہور (صباح نیوز + این این آئی + آن لائن) سابق صدر آصف علی زرداری نے مخالفین کو چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے آئندہ الیکشن سے پہلے پنجاب میں بڑے بڑے برج الٹا دیں گے، پانامہ کیس کا فیصلہ آنے پر واضح طور پر اپنی حکمت عملی کا اعلان کریں گے۔ ترجمان بلاول ہاﺅس کے مطابق سابق صدر آصف زرداری نے عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی، اس موقع پر انہوں نے ڈاکٹر طاہر القادری کی جلد صحت یابی کی دعا کی، ٹیلی فونک رابطے پر دونوں رہنماﺅں نے ملک کی سیاسی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ بلاول ہاﺅس لاہور سے جاری بیان کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا سندھ کی جانب دیکھنے والے پنجاب میں آئندہ الیکشن میں اپنی حکومت بنانے کی غلط فہمی اپنے دماغ سے نکال دیں۔ پیپلز پارٹی پنجاب میں واضح اکثریت حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا اس بار حکمرانوں کو دھاندلی نہیں کرنے دیں گے، آئندہ الیکشن میں پنجاب میں بھی حکومت ہم بنائیں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے مزدور، وکیل اور خواتین تنظیموں کو 2018ء کے انتخابات کی تیاری شروع کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے ہینڈ آﺅٹ کے مطابق پارٹی کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ڈاکٹر طاہر القادری نے گفتگو کے دوران سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے حوالے سے گفتگو کی اور کہا 17 جون 2014 ءکے دن پنجاب پولیس نے شریف برادران کی پرائیویٹ ملیشیا کا کردار ادا کیا‘ انہوں نے کہا عوامی تحریک سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے انصاف بشکل قصاص کے لئے قانونی جدوجہد کررہی ہے‘ ہمارے بے گناہ کارکنوں کے قاتل شریف برادران ہیں‘ جو اس وقت ریاستی طاقت اور عہدوں کے پیچھے چھپے ہوئے ہیں‘ ملک میں انصاف اور قانون کی حکمرانی کیلئے سانحہ ماڈل ٹاﺅن کا انصاف ناگزیر ہے‘ انہوں نے کہا 17 جون 2014ءکے دن ریاستی ادارے پولیس نے شریف برادران کی ہدایت پر انسانوں کا شکار کھیلا۔ 100 سے زائد افراد کو گولیوںسے چھلنی کیا جن میں 14شہید ہو گئے اور بیشتر معذور ہیں‘ بربریت اور سفاکیت کے یہ تمام مناظر کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہیں اس کے باوجود ہم سے ثبوت مانگے جارہے ہیں اور اڑھائی سال گزر جانے کے بعد بھی ماسٹر مائنڈز سے کوئی سوال تک نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا ہم ہر فورم پر مطالبہ کر چکے ہیں جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ منظر عام پر لائی جائے۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا سانحہ ماڈل ٹاﺅن انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کا معاملہ ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ ماڈل ٹاﺅن میں قتل کیے جانے والے کارکن ریاست پاکستان کے شہری تھے انہیں انصاف ملنا چاہیے اور جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ پبلک ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا پیپلز پارٹی نے بہت لاشیں اٹھائیں، ظلم سہے اس لیے ہمارے نزدیک ہر سیاسی جماعت کا کارکن قابل احترام ہے اور اسے حکومت پر تنقید کرنے اور اپنی رائے دینے کا حق ہے۔ ہم نے ہمیشہ حزب مخالف کی رائے کا احترام کیا مگر پنجاب میںآزادی اظہار رائے کے حق کو استعمال کرنے والے سیاسی کارکنوں کو حکومتی جبر کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا پیپلز پارٹی نے ہمیشہ سیاسی و جمہوری حقوق کے تحفظ کی جنگ لڑی اور ہر قسم کے ظلم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی اور اس کی قیمت بھی ادا کی۔ انہوں نے کہا قتل کیے جانے والے بے گناہ کارکنوں کے انصاف کے حصول کی جدوجہد میں ہم ڈاکٹر طاہر القادری اور ان کے کارکنوں کے ساتھ ہیں۔ آن لائن کے مطابق صدر آصف علی زرداری گزشتہ روز اسلام آباد پہنچ گئے، دو دن اسلام آباد میں گزارنے کے بعد وہ کراچی کیلئے روانہ ہو جائیں گے ۔ اس کے بعد وہ بھٹو کی برسی میں شرکت کیلئے لاڑکانہ روانہ ہوں گے۔
زرداری