شیخوپورہ ٹرین حادثہ اطلاع کے باوجود غفلت، لاپروائی سے ہوا گیٹ کیپر، ڈرائیور ٹینکر کا بیان
شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر ہرن مینار پھاٹک پر شالیمار ایکسپریس اور آئل ٹینکر میں ہونیوالے تصادم کی تحقیقات کیلئے بننے والی 5رکنی کمیٹی نے اپنی انکوائری شروع کر دی ہے ایف بی آر ریلوے میاں ارشد کی سربراہی میں گیٹ کیپر محمد یونس اور آئل ٹینکر ڈرائیور کے بیان قلمبند کئے گئے جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا آئل ٹینکر جب غازی پھاٹک پہنچا تو پھاٹک کے درمیان میں اس کا ایکسل ٹوٹ گیا جس کی فوری اطلاع کیبن مین محمد بلال، سٹیشن ماسٹر ملک سلطان ، اے ایم ایف محمد روف گجر کو دی مگر انہوں نے مکمل طور پر لاپرواہی، عدم توجہی اور غفلت کا ثبوت دیا۔ کمیٹی نے عینی شاہدین کے بھی بیان قلمبند کئے۔ حادثہ سے متاثر ہونیوالے ریلوے ٹریک پر کام تاحال مکمل نہیں ہوسکا۔ عینی شاہدین کے مطابق آئل ٹینکر حادثہ سے تقریباً نصف گھنٹہ قبل سے بند کھڑا تھا۔