بھار تی سپریم کورٹ نے طلاق اور حلالہ کا معاملہ آئینی بنچ کے سپرد کر دیا
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) بھارتی سپریم کورٹ نے تین مرتبہ طلاق دینے‘ حلالہ اور ایک سے زیادہ شادیاں کرنے کا معاملے سپریم کورٹ کے آئینی بنچ کے سپرد کر دیا ہے۔ میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ کے بنچ نے مسلمانوں کے عقیدے کے مطابق تین مرتبہ طلاق دینے اور حلالہ کے معاملے پر درخواست پر مختصر فیصلہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مسلمانوں کے لئے جذباتی معاملہ ہے اس کی سماعت مسلسل ہونی چاہئے۔ سپریم کورٹ کا آئینی بنچ گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران بھی اس کیس کی سماعت جاری رکھے گا۔ بھارتی مسلمانوں کے نمائندہ ادارے مسلم پرسنل لاء بورڈ نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر اعتراض کیا ہے اور کہا ہے کہ تین مرتبہ طلاق کا طریقہ کار قرآن کے مطابق ہے اس بارے میں کوئی بھی فیصلہ نہیں دیا جا سکتا۔ مسلمانوں کے عقائد اور طریقہ کار کی بنیاد آئین نہیں قرآن ہے۔ کئی خواتین نے مردوں کی طرف سے ایک ہی مرتبہ تین طلاقیں دینے کے طریقہ کو عدالت میں چیلنج کیا ہوا ہے۔