• news

پٹرول‘ ڈیزل ایک روپے لٹر مہنگا‘ بھارت میں قیمتیں کم ہو گئیں

اسلام آباد+ دبئی (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی فی لٹر قیمت پر ایک ایک روپے کا اضافہ کر دیا ہے جبکہ باقی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رہیں گی۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے جو جمعہ کی صبح دبئی روانہ ہو گئے تھے ایک بیان میں کہا کہ پٹرول کی قیمت 3 روپے 28 پیسے فی لٹر اضافہ کی تجویز ہوئی تھی۔ تاہم محض ایک روپے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے جو بہت کم ہے۔ اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 40 پیسے فی لٹر اضافہ کی تجویز تھی تاہم صرف ایک روپیہ فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ مٹی کے تیل ‘ لائٹ ڈیزل سمیت دیگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قیمتوں میں کم اضافہ کے باعث 3 ارب روپے کا نقصان برداشت کرے گی۔ اسحاق ڈار نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر اضافہ کیا گیا ہے۔ قیمتوں میں اضافے کے بعد پٹرول کی قیمت 73 سے 74 روپے فی لٹر ہو جائے گی، ڈیزل کی قیمت 82 روپے سے 83 روپے ہو جائے گی۔ دوسری طرف ایف بی آر نے پٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس کی نئی شرح کا نوٹیفیکشن جاری کر دیا‘ ایف بی آر کے مطابق ڈیزل پر جنرل سیلز ٹیکس 29.5 فیصد وصول کیا جائیگا۔ پٹرول پر جی ایس ٹی کی 15.5فیصد کر دی گئی۔ مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل پر جی ایس ٹی کی شرح بدستور مقرر رہے گی۔ فیصلے کا اطلاق گزشتہ رات 12بجے سے ہو گیا۔دوسری طرف عالمی مارکیٹ میں تیل سستا ہونے کے باعث بھارت میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر دی گئی ہے۔ بھارت میں پٹرول کے نرخوں میں 3 روپے 77 پیسے جبکہ ڈیزل 2.91 روپے سستا کیا گیا ہے

ای پیپر-دی نیشن