خریف سیزن کے آغاز پر پانی کی 18 فیصد قلت ہو گی: ارسا کی پیش گوئی
اسلام آباد (فواد یوسفزئی/ دی نیشن رپورٹ) ارسا کی ایڈوائزری کمیٹی نے آنے والے خریف سیزن کے شروع میں پانی کی 18 فیصد کمی کی پیش گوئی کی ہے۔ ایڈوائزری کمیٹی کا مزید کہنا ہے کہ خریف سیزن کے آخر تک پانی کی قلت کا خاتمہ ہو جائےگا۔ یہ بات ارسا کے ڈائریکٹر آپریشن اورترجمان خالد رانا نے صحافیوں کو اجلاس کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔ اجلاس چیئرمین مظہر علی شاہ کی صدارت میں ہوا جس میں صوبوں کے نمائندوں کے ساتھ واپڈا اور موسمیات کے ذمہ داروں نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ خریف سیزن کے اوائل میں 23.63 ملین ایکڑ فٹ پانی دستیاب ہو گا جبکہ آخر میں 82.37 میٹر ایکڑ فٹ دستیاب ہوگا۔ 35 فیصد کمی کی پیش گوئی کی گئی ہے تاہم دریاﺅں اور آبی ذخائر میں پانی کی سطح بہتر رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کو 33.23 ملین ایکڑ فٹ، سندھ کو 30.39 ملین ایکڑ فٹ، بلوچستان کو 2.6 اور خیبر پی کے کو 0.82 ملین ایکڑ فٹ پانی ملے گا خریف کا آغاز آج سے ہو رہا ہے جو 10 جون تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ بہتر انتظامات سے 35 فیصد کمی 18 فیصد پر لائی گئی۔