پی سی بی بورڈ آف گورنر اجلاس، مختلف کمیٹیوں کا قیام، جنرل باڈی میٹنگ 9 مئی کو طلب
لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز کے چوالیسویں اجلاس میں مختلف کمیٹیوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ ذرائع کیمطابق کرکٹ کمیٹی اور ڈومیسٹک افیئرز کمیٹی کی ایک سب کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ بورڈ کے رکن اور اسلام آباد ریجن کے صدر شکیل شیخ کو اس کمیٹی کا کنوینر مقرر کیا گیا۔ کمیٹی میں ڈائریکٹر اکیڈمیز مدثر نذر، چیف سلیکٹر انضمام الحق، جنرل مینجر ڈومیسٹک شفیق احمد پاپا، مینجر امپائرز، ریفری بلال قریشی اور قائداعظم ٹرافی کھیلنے والی سولہ ٹیموں کے کپتان اور ہیڈ کوچز کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ ملک بھر میں کرکٹ سٹیڈیمز،پچوں کے معیار کو بہتر بنانے اور آوٹ ڈور جم کی سہولتوں کی فراہمی اور اسکی مانیٹرنگ کے لیے بھی ایک کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ ذرائع کیمطابق ویمن ٹیم کی کوچنگ سے فارغ ہونیوالے کبیر خان کو بھی ریجنل کوچز اور سپورٹ سٹاف کی تقرری و تعیناتی اور کارکردگی کا جائزہ لینے والی کمیٹی کا حصہ بنایا گیا ہے۔ کمیٹی کے دیگر اراکین میں چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد، ڈائریکٹر اکیڈمیز مدثر نذر اور ثاقب عرفان شامل ہیں۔ بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں نیشنل سٹیڈیم کراچی کی تزئین و آرائش کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ گورننگ بورڈ کے اجلاس میں موبائل کوچنگ کلینکس، جنرل باڈی میٹنگ کی بھی منظوری دی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جنرل باڈی کا سالانہ اجلاس نو مئی کو لاہور میں طلب کر لیا گیا ہے۔ ملک بھر سے ایک سو ستائیس مستقل اور ایسوسی ایٹ ممبران جنرل باڈی میٹنگ میں شریک ہونگے۔