’’قیامت نہیں ٹوٹ پڑیگی‘‘ بہاولپور کو صوبہ بنانے کی حمایت کرتے ہیں: سراج الحق
بہاولپور+ رحیم یار خان (بیورو رپورٹ + نوائے وقت رپورٹ) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا کہ بہاولپور کے عوام سے میرا تعلق مفادات سے بالاتر ہے۔ اس شہر کے عوام کے پاکستان پر بہت احسانات ہیں۔ بہاولپور صوبہ بنانے کے حق میں ہیں یہ صوبہ بننے سے کوئی قیامت نہیں ٹوٹے گی۔ اگر افغانستان میں اگر 34 صوبے بن سکتے ہیں تو بہاولپور صوبہ کیوں نہیں۔ گزشتہ روز ہاکی گرائونڈ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یوسف رضا گیلانی نے وعدے کے باوجود جنوبی پنجاب کو صوبہ بنایا نہ بہاولپور صوبہ بحال کیا۔ پیپلزپارٹی نے اپنے دور حکومت میں کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے۔ مسلم لیگ ن کی حکومت پر کیا تبصرہ کروں؟ کراچی کسی ایک قوم کا نہیں کراچی ماں کی طرح ہے اب جماعت اسلامی ہی صوبہ بہاولپور بنائے گی۔ روہی کے لوگوں کا میری روح سے رشتہ ہے۔ حکمران بجلی بھارت کو دینے کا اعلان کرتے ہیں‘ حکمران فیصلہ کر لیں وہ یہاں کے ہیں یا وہاں کے؟ انہوں نے کہا کہ چولستانی محبت کرنے والے صابر اور شاکر لوگ ہیں لیکن انہیں انکا حق نہیں دیا جاتا حکومت سے پوچھتا ہوں کہ چولستان کی زمین ان کے اصل وارث چولستانیوں کو دینی چاہیے حکومت انہیں فنڈ دیتی ہے لیکن وہ کرپشن کی نظر ہو جاتے ہیں چولستان کو علیحدہ ضلع بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کی ماں ہے کراچی کے حقوق کے لئے لڑوں گا کراچی کسی ایک قوم کا نہیں ہے پاکستان ہے پاکستان کو خوشحال ، آباد اور صاف ستھرا دیکھنا چاہتا ہوں میں لاہور سے آ رہا تھا کہ راستہ میں گندم کی کٹائی کچھ ہماری مائیں اور بہنیں بھی کر رہی تھیں اور کتنے دکھ کی بات ہے کہ بڑے لوگوں کے کتے بھی مکھن کھاتے ہیں اور گھوڑے سیب کے مربے کھاتے ہیں اور ہماری مائیں بہنیں مزدوری کرنے پر مجبور ہیں ۔ موجودہ حکمرانوں نے ایک وعدہ پورا نہیں کیا جنوبی پنجاب میں بارہ بارہ گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔ دریں اثناء رحیم یار خان میں جرگہ سے خطاب کے دوران سراج الحق نے کہا ہم سکیورٹی کے نام پر پشتونوں کو ہراساں کرنے کی مذمت کرتے ہیں۔ پنجاب پولیس پشتوں پکڑو پیسہ بنائو کی حرام خوری سے باز آ جائے۔ پشتون محب وطن اور باعزت قوم ہے۔ پنجاب حکومت ایس کسی بھی حرکت سے باز رہے جس سے پشتونوں سمیت کسی بھی قومی زبان اور علاقے میں انتشار پیدا ہو۔