سعودی عرب 39اور یونان سے19پاکستانی ڈیپورٹ، لاہور پہنچ گئے، ایران نے 66کو تفتان انتظامیہ کے حوالے کر دیا
لاہور+کوئٹہ(نامہ نگار+ این این آئی+ بیورو رپورٹ) غیر قانونی طریقے سے یونان داخل ہو نے والے 19پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کر دیا گیا۔ ایف آئی اے نے ایئر پورٹ پر ملاقات کے منتظر عزیز و اقارب سے ملاقات کی بجائے گرفتار کر کے جیل بھیجوا دیا ۔ 15پاکستانیوں کو ایمریٹس جبکہ4کوقطر ایئر ویز کی پرواز کے ذریعے واپس بھجوایا گیا۔ علاوہ ازیں سعودی حکومت نے بھی غیر قانونی مقیم 39پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کر دیا جو سعودی ایئر کی پرواز ایس وی 738کے ذریعے جدہ سے لاہور پہنچ گئے۔ ڈی پورٹ ہونے والوں میں زیادہ تر کا تعلق سوات اور پشاور سے ہے۔ ڈی پورٹ ہونے والوں کا کہنا تھا کہ ہمارے ویزوں کی مدت ختم ہو گئی تھی، جس کی وجہ سے سعودی حکومت نے غیر قانونی رہائش اختیار کرنے کی وجہ سے ہمیں پانچ دن جیل میں رکھا اور چھان بین کے بعد ہمیں پاکستان واپس بھیج دیا۔دوسری جانب ایرانی حکام نے غیر قانونی طور پر ایران میں داخل ہونے والے 66پاکستانی باشندوں کو گرفتار کر کے تفتان انتظامیہ کے حوالے کر دیا ہے۔