ڈاکٹر عاصم کی رہائی کو ڈیل قرار دینے پر جسٹس پارٹی کا عمران کو لیگل نوٹس
لاہور (وقائع نگار خصوصی+ اپنے نامہ نگار سے) جسٹس پارٹی نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو لیگل نوٹس بجھوا دیا۔ جس میں ڈاکٹر عاصم حسین کی رہائی کو ڈیل قرار دینے کے بیان کو واپس لینے کا تقاضا کیا گیا ہے۔ جسٹس پارٹی کی جانب سے لیگل نوٹس پارٹی کے سربراہ منصف اعوان نے بھجوایا جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ عمران خان نے پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم حسین کی رہائی کو حکومت اور پیپلز پارٹی میں ڈیل قرار دیا۔ لیگل نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کا بیان توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔ عمران خان تین دنوں میں ڈیل کے حوالے سے بیان واپس لیں۔ جسٹس پارٹی کے سربراہ نے لیگل نوٹس میں خبردار کیا کہ اگر عمران خان نے ڈیل کے بارے میں اپنا بیان واپس نہ لیا تو ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔