• news

چمن‘ شناختی کارڈ چیکنگ پر احتجاج‘ شیلنگ ہوائی فائرنگ ایک شخص جاں سات اہلکاروں سمیت دس زخمی افغان سرحد بند

کوئٹہ (آن لائن+ صباح نیوز+ نیشن رپورٹ) بلوچستان کے سرحدی علاقے چمن بارڈر پر فورسز اور مشتعل مظاہرین کے درمیان ہوائی فائرنگ، لاٹھی چارج اور شیلنگ سے ایک شخص جاں بحق اور 7 سکیورٹی اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے۔ کشیدگی کے باعث پاک چمن باب دوستی گیٹ بند کردیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز مشتعل افراد اور فورسز کے درمیان بارڈر کے دونوں جانب آنے جانے کے دوران شناختی کارڈ چیک کرنے کی وجہ سے کشیدگی پائی گئی اور مشتعل افراد نے فورسز کی جانب سے اس کے مطالبے کے خلاف احتجاج کیا جس کے بعد فورسز نے باب دوستی گیٹ کو بند کر دیا‘ مشتعل مظاہرین نے فورسز پر پتھراﺅ کیا اور فورسز کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کر نے کیلئے شیلنگ، ہوائی فائرنگ کی گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق دونوں جانب سے فائرنگ اور پتھراﺅ کی وجہ سے تین افراد عبدالولی ، فیض اللہ اور نعمت اللہ زخمی ہو گئے۔ بعد میں فورسز نے مشتعل مظاہرین کو منتشر کر دیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ افغانستان سے آتے ہوئے بارڈر کے اس پار تذکرہ کا مطالبہ کیا جاتا ہے اور لمبی قطاروں میںکھڑا کیا جاتا ہے اسی طرح پاکستانی حدود میں آئی ڈی کارڈ مانگتے ہیں جس کے وجہ سے لو گوں کو آنے جانے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ صباح نیوز کے مطابق چمن میں افغان سرحد پر تعینات ایف سی اہلکاروں نے پیدل آمد و رفت پر پابندی اور دستاویزات مکمل نہ ہونے کے باعث تاجروں کو افغانستان جانے سے روکا جس پر قبائلی تاجر مشتعل ہوگئے اور انہوں نے احتجاج شروع کردیا۔ نیشن رپورٹ کے مطابق جھڑیوں میں 7 سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے جبکہ ایک شخص مارا گیا، تاہم آن لائن کے مطابق جھڑپوں کے دو گھنٹے کے بعد سرحد کو کھول دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن