سرمایہ کاری میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلئے جامع ضابطہ تیار کیا جائے : وزیراعظم
اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم نوازشریف نے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہدایت نامہ جاری کردیا۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ تمام وزارتیں اور ادارے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون و رہنمائی فراہم کرنے کیلئے جامع طریقہ کار وضع کریں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے ملک میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ میں مدد کیلئے خصوصی ہدایات نامہ جاری کردیا ہے۔ وزیراعظم کی جانب سے تمام وزارتوں اور متعلقہ اداروں کو کہا گیا ہے کہ وہ سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن تعاون، رہنمائی اور معلومات مہیا کریں۔وزیراعظم کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سرمایہ کاری اور سرمایہ کاروں کو درپیش رکاوٹیں فوری دور کرنے کیلئے تمام متعلقہ ادارے مناسب طریقہ کار وضع کریں اور سرمایہ کاری کیلئے درخواستوں پر ترجیحی اور شفاف عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ ہدایت نامے کے مطابق سرمایہ کاروں کو لائسنس اور بزنس سیٹ اپ کیلئے تیز تر تعاون فراہم کیا جانا چاہیے، ۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ سرمایہ کاروں کے لئے کاروبار میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ہونی چاہئے اور ان کے راستے میں حائل تمام رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی درخواستوں پر مقررہ وقت میں ضروری کارروائی عمل میں لائی جائے اور درخواست دہندگان کو تمام عمل سے مکمل طور پر آگاہ رکھا جائے۔ وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی سے متعلق معلومات عام کی جائیں اور ایسا نظام وضع کیا جائے کہ سرمایہ کاروں کو کوئی مشکلات پیش نہ آئیں۔ انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ درخواستوں پر مقررہ وقت میں ضروری کارروائی عمل میں لائی جائے اور تمام ادارے سرمایہ کاری کے لئے جامع ضابطہ کار تیار کریں، سرمایہ کاروں کیلئے سرٹیفکیشن، اجازت نامہ اور منظوری کا نظام آسان بنایا جائے۔
نوازشریف