پاک فضائیہ اور برطانوی رائل ائرفورس کے نمبر9 سکواڈرنز جڑواں قرار
اسلام آباد ( سپیشل رپورٹ) پاک فضائیہ کے شہرہ آفاق ملٹی رول نمبر 9 سکواڈرن کو رائل فضائیہ کے مشہور زمانہ نمبر 9 سکواڈرن کا جڑواں قرار دیا گیا اسی مناسبت سے آج کا دن پاک فضائیہ کے شہرہ آفاق ملٹی رول نمبر 9 سکواڈرن کے لئے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس سلسلے میں پی اے ایف بیس مصحف پر ایک پر وقار تقریب منعقد ہوئی جس میں رائل فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سر سٹیفن جان ہیلیئر اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے اس موقع پر رائل پاکستان ائیر فورس کے چار برطانوی سربراہوں کی نوآموز فضائیہ کی بنیاد رکھنے میں ان کی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان قائدین کی شاندار روایات کی تقلید کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے آنے والے سربراہان نے اس کو پاکستان کی ایک مہلک فضائی قوت میں تبدیل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں فضائی افواج کے نمبر 9 سکواڈرنز اپنے آغاز سے ہی شاندار تاریخ کے حامل ہیں ۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دونوں سکوارڈنز کی یہ رفاقت ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے اور دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں معاون ثابت ہو گی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رائل فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سر سٹیفن جان ہیلیئر نے کہا کہ پاک فضائیہ اپنی پیشہ وارانہ مہارت کی وجہ سے پوری دنیا میں عزت کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہے اور اپنے ملک کا پرچم سر بلند کر چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں مشہور سکواڈرنز کی یہ رفاقت ان کی قابلیت میں مزید بہتری پیدا کرے گی اور ایک مستحکم بنیاد فراہم کرے گی جس سے اپنے پیش رو ں کی اعلی تاریخ کو بڑھانے میں مدد حاصل ہو گی۔ قبل ازیں رائل فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سر سٹیفن جان ہیلیئر نے چار F-16 طیاروں کی فارمیشن کا فلائی پاسٹ دیکھا جس کے بعد F-16 طیارے نے ائیروبیٹکس کا شاندار مظاہرہ پیش کیا۔ اس عظیم موقع کو مزید یادگار بنانے کے لیے دونوں فضائیہ کے سربراہان نے دو مختلف جہازوں میں بیٹھ کر فلائنگ مشن میں حصہ لیا۔ یہ پاک فضائیہ کی تاریخ میں پہلا موقع ہے جب کسی غیر ملکی فضائیہ کے سربراہ نے پاک فضائیہ کے سربراہ کے ساتھ ایک فضائی مشن میں شرکت کی۔ اس تقریب میں سابقہ سکواڈرن کمانڈرز اور اعلی افسران نے بھی شرکت کی۔رائل فضائیہ کا نمبر 9بمبار سکوارڈن 1914 میں قائم ہوا اور آج تک کئی محاذوں پر اپنی خدمات سر انجام دے چکا ہے۔ پاک فضائیہ کا نمبر 9ملٹی رول سکوارڈن 1943 میں رسالپور کے مقام پر قائم ہوا اور اس سکواڈرن نے سکوارڈن لیڈر اصغر خان کی قیادت میں برما کے مقام پر دوسری جنگ عظیم میں حصہ لیا۔
جڑواں قرار