کومبنگ آپریشن تیز ہو گا: پنجاب کے داخلی‘ خارجی راستوں کی نگرانی مزید سخت کرنیکا فیصلہ…شہبازشریف کی زیر صدارت ا اجلاس
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت گزشتہ روز صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کا اجلاس منعقد ہوا جس میںپنجاب کے داخلی اورخارجی راستوں کی نگرانی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔ پولیس اورقانون نافذ کرنیوالے ادارے امن وعامہ یقینی بنانے کیلئے جانفشانی اورمستعدی سے فرائض سرانجام دیں۔ مساجد، امام بارگاہوں، گرجاگھروں اور دیگر عبادت گاہوں کی سکیورٹی پر بھر پور توجہ دی جائے۔ انہوںنے کہا کہ موجودہ حالات ہنگامی اقدامات کے متقاضی ہیں۔ اس لئے ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنانے کیلئے سب کو ملکر فعال اورمتحرک انداز میں ذمہ داری نبھانا ہوگی۔ حساس تنصیبات اور عمارتوں کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ وضع کردہ سکیورٹی پلان کی مکمل مانیٹرنگ جاری رکھی جائے اورکومبنگ اورسرچ آپریشن مزید تیز کیے جائیں۔ عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ سکیورٹی کے حوالے سے کیے جانیوالے اقدامات کا باقاعدگی سے آڈٹ جاری رکھا جائے اورعوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ کابینہ کمیٹی برائے امن و امان سکیورٹی انتظامات کا باقاعدگی سے جائزہ لے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ نفرت انگیز موادکی اشاعت و تقسیم کرنیوالوںکیخلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے اور لاؤڈ سپیکر پرپابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔ انہوںنے کہا کہ دہشت گرد اور ان کے سہولت کار دھرتی کا بوجھ ہیںاوردہشت گردی کے ناسورکے خاتمے کیلئے پوری قوم متحد ہوچکی ہے۔ انشاء اللہ اتحاد کی قوت سے ملک کو دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے پاک کر کے اسے امن کا گہوارا بنائیں گے۔ کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کی جانب سے پاراچنار میں دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کی گئی اور شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا گیا، زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی گئی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ 2017 عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا سال ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور صرف عوام کی بے لوث خدمت ہے۔ بے بنیاد الزامات لگانے والوں کو عوام نے ہر موقع پر رد کیا ہے۔ ملک میں الزام تراشی کی نہیں، صرف خدمت کی سیاست ہوگی۔ ہمارا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے اور جب تک سانس میں سانس ہے، عوام کی خدمت کرتا رہوں گا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہ وسائل قوم کی امانت ہیں اوراسے عوام کو سہولتوں کی فراہمی پر خرچ کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مفاد عامہ کے منصوبوں پر بلاجواز تنقید کرنیوالے عوام کی ترقی اورخوشحالی کے دشمن ہیں اور تیز رفتاری سے ترقی کرتا ہوا پاکستان بعض سیاسی عناصر کو کھٹک رہا ہے۔ انہو ںنے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں 4 برس کے دوران شفافیت اور ترقی کے نئے مینار قائم کئے گئے ہیں اور70 برس کے دوران منصوبوں پر اتنی تیزرفتاری سے کام کرنے کی مثال نہیں ملتی۔ پاکستان بدل رہا ہے لیکن بدقسمتی سے بعض سیاستدانوں کی سوچ نہیں بدلی۔ شکست خوردہ عناصر کو ملک و قوم کے مفاد کی خاطر ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ دور آمریت میںپنجاب کے سابق حکمرانوں نے منصوبوں کے نام پر کرپشن کے سومنات بنائے اور عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے قومی وسائل کی لوٹ مار کرکے ان کے مسائل میں مزید اضافہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بے بنیادالزامات لگانے والوں کو پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہئے۔ ان لوگوں نے دھرنوں اور لاک ڈاؤن کے ذریعے عام آدمی کی ترقی و خوشحالی میں رکاوٹ ڈالی اور اب ان عناصر کو خوف ہے کہ شفاف ترین منصوبے مکمل ہونے سے ان کی رہی سہی سیاست بھی دفن ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شفافیت اور خدمت کی سیاست نے ہمیشہ بہتان طرازی اور منفی سیاست کو شکست دی ہے اور باشعور عوام ترقی و خوشحالی کی مخالفت کی سیاست کرنے والوں کو 2018 کے عام انتخابات میں بری طرح شکست دیں گے اور یہ عناصر پہلے بھی ناکام رہے اور آئندہ بھی ناکام رہیں گے جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں بے لوث عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے گی۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے پانچویں اور مڈل امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قوم کے بچوں اور بچیوں نے اپنی محنت کے ذریعے پوزیشنیں حاصل کرکے اپنے والدین اور اساتذہ کا سر فخر سے بلند کیا ہے اور میرا ایمان ہے کہ حصول علم سمیت کسی بھی میدان میں محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی۔ ہمارے با صلاحیت ، قابل اور ذہین طلبا و طالبات تاریخ کا دھارا بدلنے کی پوری اہلیت رکھتے ہیں اور کم وسائل کے باوجود بعض طلبا و طالبات نے عزم، حوصلے اور محنت کے ساتھ یہ مقام حاصل کیا ہے۔ ذہین اور محنتی طالبعلم ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور پاکستان کا مستقبل انہی ہیروں سے جڑا ہوا ہے۔ پنجاب حکومت ایسے ہیروں کو تراشنے کیلئے وسائل ان پر نچھاور کرتی رہے گی۔