• news

پاکستان کرکٹ بورڈ میں آپریشن کلین اپ کی ضرورت‘ سپر لیگ قومی اثاثہ ‘ قوم حفاظت کرے گی: نجم سیٹھی

لاہور( حافظ محمد عمران/ نمائندہ سپورٹس) پاکستان سپرلیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پی ایس ایل پر سیاست کی انکے منفی بیان کیوجہ سے کچھ غیر ملکی کھلاڑی پاکستان نہیں آئے۔ کھیل اور سیاست کو الگ الگ ہونا چاہئے۔عمران خان کو فائنل کا دعوت نامہ بھیجا تھا وہ سٹیڈیم آتے تو خود انکے استقبال کے لئے جاتا۔پاکستان کرکٹ بورڈ میں کلین اپ کی ضرورت ہے اختیارات ملے تو ایسے تمام لوگوں کو فارغ کرونگا جو بھاری تنخواہ لیتے ہیں لیکن کوئی کام نہیں کرتے۔ وہ وقت نیوز کے پروگرام گیم بیٹ میں گفتگو کر رہے تھے۔ سپاٹ فکسنگ سکینڈل خاصا افسوسناک ہے ہم نے بروقت فیصلہ کرتے ہوئے کھلاڑیوں کو معطل کیا۔ قوانین کے مطابق اچھی شہرت کے حامل افراد پر مشتمل ٹربیونل تشکیل دے دیا ہے اسکے کام میں مداخلت نہیں کریں گے۔اب ہماری ٹیم ناصر جمشید سے تحقیقات کے لئے برطانیہ جا رہی ہے کیونکہ اسکا نام ہر جگہ آ رہا ہے۔ کرکٹ میں ہر طرح کی کرپشن کیخلاف ہیں۔ ایف آئی اے کے ساتھ اختلافات نہیں ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اور ایف آئی کا مقصد ایک ہی ہے کہ کھیل سے کرپشن کو ختم کرنا ہے۔ پاکستان سپر لیگ کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے پی ایس ایل اب قومی اثاثہ ہے قوم ہی اسکی حفاظت کریگی۔ لاہور میں فائنل کے پر امن اور کامیاب انعقاد کے بعد ہمارے بیرونی دنیا سے رابطے بہتر ہو رہے ہیں۔ اس کامیابی کے بعد ملک میں کرکٹ کی بین الاقوامی سرگرمیوں کے حوالے سے بات چیت شروع ہو گئی ہے۔ رواں سال ورلڈ الیون پاکستان کا دورہ کر رہی ہے۔ دیگر ممالک سے ہونیوالی بات بھی حوصلہ افزا ہے۔ دنیا کی سب سے بڑی اور ٹاپ ٹونٹی ٹونٹی لیگ کی ایک بڑی ٹیم کے دورہ پاکستان کے امکانات موجود ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن