ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز‘ سکواڈ کو جلد حتمی شکل دیں گے: انضمام الحق
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے سینئرز کے ساتھ ساتھ نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے گا۔ ٹیم کے انتخاب کے لیے سلیکشن کمیٹی اگلے دو تین روز میں کپتان مصباح الحق سے ملاقات کر کے کھلاڑیوں کے ناموں کو حتمی شکل دیگی۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام احق کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے ابتدائی تین میچوں میں باولرز کی کارکردگی اچھی رہی ہے جبکہ بیٹنگ کے شعبہ میں جو توقعات تھیں اس کے برعکس سکور ہو رہا ہے۔ جو تشویش کی بات ہے۔ شاداب خان نے پاکستان سپر لیگ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ اس کے تجربہ میں بھی اضافہ ہوتا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا قومی کھیل ہاکی ہے۔ بحیثیت مہمان خصوصی ہاکی میچ کے لیے آنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ یہ ضروری نہیں کہ صرف ایک آدھ کھیل کو سپورٹ کیا جائے ہر کھیل کی ترقی کے لیے کوئی نہ کوئی کردار ادا کرنا چاہیے۔ مجھے خوشی ہوئی ہے کہ پاکستان میں ہاکی کا ابھی ٹیلنٹ موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی ٹیم کے انتخاب کے لیے سلیکشن کمیٹی کیا اجلاس 5 یا 6 اپریل کو کپتان مصباح الحق کی واپسی پر ہوگا۔