حملے کی منصوبہ بندی کا الزام، اسرائیلی فوج نے فلسطینی نوجوان کو گرفتار کر لیا
مقبوضہ بیت الخلیل (اے این این)قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں تلاشی کے دوران ایک فلسطینی شہری کو حراست میں لے کر اس کے قبضہ سے تیز دھار چاقو برآمد کرنے کا دعوی کیا ہے۔ دوسری جانب فلسطینی مظاہرین کے پتھرائو سے ایک اسرائیلی فوجی کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق فوج نے غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل میں مسجد ابراہیمی کے قریب سے ایک مشتبہ فلسطینی نوجوان کو حراست میں لیا اس کے قبضے سے ایک چاقو برآمد کیا گیا ہے۔ فوج کا دعوی ہے کہ گرفتار فلسطینی نوجوان اسرائیلی فوج پرحملے کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔ اس واقعے کی آڑ میں اسرائیلی فوج نے کریک ڈان شروع کیا اور فلسطینی شہریوں کی 500 دکانیں بند کرادیں۔ اس سے قبل الخلیل شہر کے ایک ہزار فلسطینی دکانداروں سے جبرا ان کی دکانیں بند کرادی گئی تھیں۔ادھر رملہ میں فلسطینی نوجوانوں کے پتھرائو سے ایک اسرائیلی فوجی زخمی ہوگیا۔اسرائیلی فوجی ریڈیو کے مطابق صہیونی فوجی مغربی رملہ میں نعلین کے مقام پر اس وقت زخمی ہوا جب فلسطینی شہری فوج کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کر رہے تھے۔ زخمی فوجی اہلکار کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔