وزیر ریلوے قلیوں سے گھل مل گئے، شیخوپورہ حادثے میں جاں بحق ٹرین ڈرائیور اور اسسٹنٹ کے ورثاءکیلئے بالترتیب 77 اور 74 لاکھ کا اعلان
لاہور (سٹاف رپورٹر) وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ شیخوپورہ حادثے میں جاںبحق ہونے والے ریلوے کے ڈرائیور محمد لطیف اور اسسٹنٹ ڈرائیور عبدالحمید شہید ہیں۔وہ حکام کے ہمراہ ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور کی رہائش گاہوں پر ان کے لواحقین سے گفتگو کررہے تھے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ڈرائیور محمد لطیف کے اہلِ خانہ کو مجموعی طور پر 77لاکھ جبکہ اسسٹنٹ ڈرائیور عبدالحمید کی فیملی کو 74لاکھ کی امداد ملے گی۔ریلویز دونوں شہیدوں کے ایک، ایک بیٹے کو ملازمت دے گا جبکہ ایک، ایک بیٹی کی شادی پر 8، 8لاکھ روپے بطور میرج گرانٹ دئیے جائیں گے۔ علاوہ ازیں وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق لاہور ریلوے سٹیشن پر نئے امریکی انجنوں کا افتتاح کرنے کے بعد روانگی کے وقت قلیوں کے ساتھ گھل مل گئے اور بنچ پر بیٹھ گئے قلیوں نے اس موقع پر پاکستان ریلویز اور خواجہ سعد رفیق کی تعریف میں لکھی ہوئی نظمیں بھی سنائیں۔ خواجہ سعد رفیق نے پوچھا کہ قلیوں کو جو کمرہ دیا گیا ہے کیا وہ درست حالت میں ہے۔ انہیں بتایا گیا کہ نہ صرف کمرہ درست حالت میں ہے بلکہ انہیں کھانے میں بریانی بھی ملتی ہے۔ ٹھیکےدار کے روئیے کے بارے میں استفسار پر قلیوں نے کہا کہ ان کی مداخلت کے بعد ٹھیکے داری کا نظام درست ہوگیا ہے۔