• news

2013 میں پی ٹی آئی کو جنرل کیانی نے ہروایا‘ نعیم الحق ‘ معافی مانگیں : مریم اورنگزیب

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف نے الزام لگایا ہے کہ 2013ءکے الیکشن میں اس وقت کے آرمی چیف نے نواز شریف سے مل کر پی ٹی آئی کو ہرایا اور نواز شریف کو جتوایا۔ پی ٹی آئی کے ترجمان نعیم الحق نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سکیم جنرل کیانی، امریکہ اور سعودی عرب نے ملکر تیار کی۔ ثبوت دینے کی ضرورت نہیں قوم جانتی ہے۔ جنرل کیانی کو چیلنج کرتے ہیں کہ آئیں اور اپنے اوپر لگے الزامات کی تردید کریں۔ انتخابات میں آر اوز پر پریشر ڈال کر نواز شریف کو جتوایا گیا۔ جنرل کیانی کو مشرف نے بھی استعمال کیا تھا۔ کیانی نے جنرل مشرف کیلئے اہم رول ادا کیا۔ جب ہماری حکومت آئے گی تو کمشن بناکر الیکشن 2013ءکی تحقیقات ہوگی۔ بے نظیر، نواز شریف سے تعلقات استوار کرنے کیلئے مشرف نے کیانی کو استعمال کیا۔ اسی سکیم کے باعث ہمیں بے شمار سیٹوں سے محروم ہونا پڑا۔ نعیم الحق نے مسلم لیگ ن کے رہنماﺅں کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہا ہے کہ پانامہ لیکس کے بعد نواز شریف کے کردار پر بہت سے سنجیدہ سوالات نے جنم لیا۔ دوسری جانب وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ترجمان پی ٹی آئی نعیم الحق کا بیان انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے۔ پی ٹی آئی کی عادت ہے کہ آئینی اداروں پر الزامات لگاتی ہے۔ جنرل (ر) کیانی کو متنازعہ بنانا افسوسناک ہے۔ نعیم الحق سمیت ان کی پوری جماعت غیر ذمہ دارانہ بیانات دیتی ہے۔ عدالتی کمشن میں عمران نے دھاندلی کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔ کوئی ثبوت نہیں اس کے باوجود دو ممالک اور اہم ادارے کے معتبر ذمہ دار پر الزام لگا دیا۔ سیاست عمران خان کے بس کی بات نہیں، کام ہوتا نہیں جب سوال کیا جاتا ہے تو عمران رونا شروع کردیتے ہیں۔ نعیم الحق اپنے بیان پر معافی مانگیں ، ہمیں اپنی فوج پر اعتماد ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ اگر ان کے پاس کوئی ثبوت تھا تو عدالتی کمشن میں پیش کیوں نہیں کیا؟ یہ لوگ تو اپنے ان کارکنوں کو بھی گالیاں دیتے ہیں جو انہیں چھوڑ کر چلے جاتے ہیں۔
نعیم الحق / مریم اورنگزیب

ای پیپر-دی نیشن