صومالی قزاقوں نے عملے کے 11 ارکان سمیت بھارتی بحری جہاز اغوا کرلیا
موغا دیشو (بی بی سی) صومالیہ سے تعلق رکھنے والے قزااقوں نے بھارت کا ایک مال بردار بحری جہاز نیم خود مختار علاقے پْنٹ لینڈ کے ساحل کے نزدیک سے اغوا کر لیا ہے۔ عملے کے 11 ارکان سوار ہیں۔ ذرائع کے مطابق جہاز صومالیہ کی بندر گاہ کی جانب جا رہا تھا۔ ابھی تک جہاز کے عملے کے بارے میں اطلاع نہیں مل سکی۔ دو ہفتے قبل بھی موغادیشو جانے والا ایک تیل بردار جہاز قذاقوں نے پکڑ لیا تھا لیکن بعد میں اس کو بغیر کسی معاوضے کے چھوڑ دیا گیا۔ 2012 کے بعد صومالیہ کے ساحل کے پاس سے قذاقوں کی یہ پہلی کارروائی تھی۔ پْنٹ لینڈ کے ڈائیرکٹر برائے اینٹی پائریسی ایجنسی عبدرزاق محمد دریر نے خبر رساں ادارے روائٹرز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'ہمیں یہ علم ہے کہ صومالیہ کے قذاقوں نے انڈیا کا ایک تجارتی جہاز ملک کی آبی حدود سے اغوا کر لیا ہے۔' جب سے صومالیہ کی آبی حدود میں بین الاقوامی فوجی بحری جہازوں نے نقل و حرکت شروع کی اس کے بعد سے جہازوں کے اغوا برائے تاوان کی کارروائیاں گذشتہ کچھ سالوں میں کافی کم ہوئی ہیں۔ 2011 کے دوران 237 ایسے واقعات پیش آئے تھے اور ان کی وجہ سے مجموعی طور پر آٹھ ارب ڈالر کا نقصان ہوا تھا۔ بی بی سی کے نامہ نگار برائے سیکورٹی فرینک گارڈنر کے مطابق صومالیہ کے ساحلی علاقوں کی مچھیرے شدید غربت اور قحط کے باعث قذاق بننے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔