.وزارت مذہبی امور نے حج پالیسی کا مسودہ منظوری کیلئے وفاقی کابینہ کو بھجوا دیا
اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وفاقی وزارت مذہبی امور نے حج پالیسی 2017ء کا مسودہ منظوری کے لئے وفاقی کابینہ کو بھجوا دیا ہے۔ توقع ہے کہ وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد رواں ماہ کے وسط میں حج پالیسی کا اعلان کر دیا جائے گا اور پالیسی کے اعلان کے ایک ہفتہ بعد متعلقہ بنکوں کے ذریعے حج درخواستوں کی وصولی شروع کر دی جائے گی۔ درخواستوں کی وصولی کے لئے تقریباً10دن کا وقت دیا جائے گاجس کے بعد وصول شدہ درخواستوں کی قرعہ اندازی کی جائے گی۔ کل واجباتِ حج تقریباً2 لاکھ 80 ہزار کے قریب ہوں گے اگر قربانی کی رقم ان واجبات میں شامل کی جائے تو کل واجبات تقریباً2 لاکھ 95ہزار کے قریب ہوں گے۔ گزشتہ سال کی نسبت امسال واجباتِ حج میں 10 ہزار روپے کا اضافہ متوقع ہے۔امسال پاکستان سے 1 لاکھ 80 ہزار خوش نصیب فریضہ حج ادا کریں گے۔ وفاقی وزارتِ مذہبی اُمور اور حج گروپس آرگنائزیشن (HGO)کے درمیان طے پانے والے ایک معاہدے کے تحت صرف امسال گورنمنٹ سکیم کاحج کوٹہ60 فیصد اورپرائیویٹ سکیم کا کوٹہ 40فیصد کی شرح سے مقرر کیا جائے گا جبکہ اگلے سال یہ کوٹہ دوبارہ 50/50 فیصدکر دیا جائے گا ۔اس تناسب سے گورنمنٹ سکیم کے ذریعے تقریباً1 لاکھ 7 ہزار اور پرائیویٹ سکیم کے تحت تقریباً73 ہزار عازمین فریضہ حج ادا کریں گے۔گورنمنٹ سکیم کے تحت حج بدل کرنے والے کی درخواست صرف اسی صورت قابلِ قبول ہو گی جب اس کے ساتھ ایک محرم عورت جا رہی ہوجس نے حج نہ کیا ہوبصورتِ دیگر حج بدل والا صرف پرائیویٹ سکیم کے ذریعے ہی جا سکے گا۔امسال کی حج پالیسی میں دوبارہ حج پر پابندی کی مدت5 سال کی بجائے 7 سال کر دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق حجاز مقدس میں پاکستانی حاجیوں کی رہائش کے لئے رہائشی عمارتوں کی حصول کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ نئے پیکج کے تحت کراچی اور کوئٹہ سمیت سندھ کے دیگر شہروں سے حج پیکج 2 لاکھ 70 ہزار روپے جبکہ لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، فیصل آباد اور پشاور سمیت دیگر شہروں سے حج پیکیج 2 لاکھ 80 ہزار روپے ہوگا۔