• news

مودی کی آمد پر ہڑتال نے ثابت کر دیا کشمیری آزادی چاہتے ہیں: مسعود خان

اسلام آباد (این این آئی)صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان سے انسٹیٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈویلپمنٹ کے چیئرمین محمد ظاہر تبسم کی زیر صدارت انسٹیٹیوٹ کے عہدیداروں پر مشتمل وفد نے ملاقات کی جس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں ، بین الاقوامی سطح پر مسئلے کے پر امن حل کے لیے سفارتی کوششوں اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ انسٹیٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈویلپمنٹ انسانی حقوق کے حوالے سے بہتر کام کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا گزشتہ روز دورہ مقبوضہ کشمیر ناکام رہا ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی اپیل پر مقبوضہ کشمیر کے عوام نے مکمل ہڑتال کر کے ثابت کر دیا ہے کہ وہ بھارت سے آزادی چاہتے ہیں۔ وہ بھارتی حکمرانوں کی جانب سے تعمیر و ترقی کی کسی لالچ اور تحریص میں نہیں آئیں گے۔ مسعود خان نے کہا کہ مودی کا مقبوضہ کشمیر میں جا کر یہ کہنا کہ کشمیری عسکریت پسندی چھوڑ کر سیاحت کے فروغ کے لیے کام کریں ۔ افسوسناک ہیں ۔ بھارتی وزیراعظم کو معلوم ہونا چاہیے عسکریت کشمیریوں نے نہیں بھارتی قابض افواج نے شروع کی ہے۔صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ عالمی اداروں کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی رپورٹس بھیجنے کے لیے ضروری ہے کہ رپورٹس عالمی معیار کے مطابق تحریر کی جائیں۔

ای پیپر-دی نیشن