دبئی: انٹرنیشنل پراپرٹی شو ختم‘ نوائے وقت گروپ‘ میڈاس کے مشترکہ سٹالز توجہ کا مرکز بنے رہے
دبئی (سلیم بخاری) دبئی ورلڈ ٹریڈ سنٹر میں 3 روزہ انٹرنیشنل پراپرٹی شو بڑی کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا ہے۔ شرکت کرنے والے ریکارڈ ممالک کی طرف سے لگائے گئے سٹالز کا ہزاروں افراد نے دورہ کیا۔ پاکستان میں رئیل اسٹیٹ بزنس میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کیلئے نوائے وقت میڈیا گروپ اور میڈاس کمیونی کیشن کی جانب سے مشترکہ طور پر لگائے گئے ’’پاکستان پویلین‘‘ کے سٹالز سرمایہ کاروں اور پروموٹرز کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ پاکستان پویلین کے سٹالز کا دوہ کرنے والوں میں سے اکثریت نے گوادر، لاہور، اسلام آباد اور کراچی میں کمرشل اور رہائشی سیکٹرز میں پراپرٹی خریدنے کیلئے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ ان کے خیال میں دنیا کیلئے مستقبل میں سرمایہ کاری کیلئے گوادر بڑا پرکشش بن رہا ہے۔ وہ اس بات پر مائل تھے کہ ضرب عضب کے باعث پاکستان میں امن عامہ کی صورتحال بڑی بہتر ہوئی ہے۔ وہ اس بات سے باخبر تھے کہ سی پیک کے باعث پاکستان دنیا کے اقتصادی نقشے پر ابھرے گا۔ رئیل اسٹیٹ بزنس میں شراکت داری تلاش کرنا بھی انکے لئے یہ بڑی وجہ تھی۔ پاکستان پویلین کا دورہ کرنے والے افراد کی اکثریت نے اس بڑے سیکٹر میں میڈیا پارٹنر شپ جس میں منفرد اور بڑی سرمایہ کاری کے مواقع پیش کئے جاتے ہیں نوائے وقت گروپ کے اس اقدام کو سراہا، نوائے وقت شعبہ مارکیٹنگ گروپ کے جنرل منیجر بلال محمود نے دنیا کے مختلف حصوں میں ایسے شو کا انتظام کرنے والی کمپنیوں کے نمائندوں سے بات چیت کی، پاکستان میڈیا کے سب سے بڑے گروپ کے ساتھ پارٹنر شپ بڑھانے کیلئے ان کا ابتدائی رسپانس بھی حوصلہ افزاء تھا۔ بعد میں نوائے وقت گروپ اور میڈاس کمیونی کیشن نے پاکستان پویلین میں شرکت کرنے والے افراد کے اعزاز میں برج الخلیفہ کے قریب مشہور ریسٹورنٹ باربی کیو نائٹ میں عشائیہ کا اہتمام کیا۔ ڈائریکٹر فنانس اعظم بدر نے اس ورلڈ ایونٹ میں شرکت اور تعاون کرنے پر پاکستان میں رئیل اسٹیٹ بزنس کے نمائندوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا ان کا گروپ سرمایہ کاروں کے لئے دنیا کے نقشے پر پاکستان کی ترقی کیلئے مستقبل میں ایسے مواقع کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گا۔ وہ پرامید تھے کہ یقینی طور پر ایسی سرگرمیوں سے غیرملکی سرمایہ کار پاکستان کو سرمایہ کاری کیلئے محفوظ پناہ گاہ پائیں گے۔