• news

کپواڑہ: بھارتی فوج نے کشمیریوں کی 50 سے زائد دکانیں‘ گھر جلا ڈالے

سرینگر (ایجنسیاں) بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کو معاشی طور پر بھی تباہ کرنے کیلئے سرگرم ہو گئی۔ کپواڑہ میں بھارتی فوج کے ایجنٹوں نے 50 سے زائد دکانوں اور گھروں کو آگ لگا دی جس سے کروڑوں روپے کی املاک اور سامان خاکستر ہو گیا۔ درجنوں کشمیری اپنا کاروبار تباہ اور آشیانے جل جانے پر دھاڑیں مار کر روتے اور بھارتی فوج کو کوسنے دیتے رہے۔ واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھارتی فوج نے مجاہدین اور حریت قیادت کو بدنام کرنے کیلئے پچھلے 6 ماہ کے دوران کئی سکولوں، دکانوں اور گھروں کو آگ لگوائی۔ ادھر سرینگر ائرپورٹ پر حکام نے نئی دہلی جانیوالے بھارتی فوجی پانڈیا راج بیگ سے گولیاں برآمد ہونے پر گرفتار کرکے فوج کے حوالے کر دیا۔ ایک روز قبل ایک بھارتی فوجی سے سرینگر ائرپورٹ پر 2 بم برآمد ہوئے تھے۔ علاوہ ازیں سینئر حریت رہنما سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت کشمیر کو متنازعہ ایشو تسلیم کرنے کے بجائے کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد کو طاقت کے بل پر دبانے کی کوشش کر رہا ہے۔ گزشتہ روز بیان میں علیگیلانی نے کہا ہمارے پاس دو ہی آپشن ہیں ایک یہ کہ ہتھیار ڈال دیں یا پھر کامیابی تک مزاحمت جاری رکھیں ۔اپنی جدوجہد سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ ادھرکٹھ پتلی حکومت مسرت عالم بٹ کی عدالت کے حکم پر جیل سے رہائی روکنے کے لیے ان کے خلاف ایک اور مقدمہ قائم کرنے کی سازش تیار کر لی ہے۔ حکام نے دعویٰ کیا بارہمولہ سب جیل میں مسرت عالم سے موبائل فون برآمد ہوا جس پر ان کے خلاف ایک اور مقدمہ درج ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن