• news

شہریار خان کی جگہ نئے چیئرمین پی سی بی کا تقرر پانامہ کیس کے فیصلے سے مشروط

لاہور(چودھری اشرف) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کی جگہ نئے چیئرمین کا تقرر پانامہ کیس کے فیصلے سے مشروط ہو گیا۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے کسی بھی وقت شہریار خان کا استعفیٰ منظور کر کے نئے چیئرمین کے تقرر کے لئے آئین کے مطابق پیٹرن انچیف کی جانب سے دو نام موجود پی سی بی گورننگ بورڈ کے اراکین کو بھجوائے جائیں گے جن میں سے ارکان ایک ممبر کو بطور چیئرمین منتخب کر لینگے۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت حکومت کی تمام نظریں پانامہ کیس پر لگی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے نئے چیئرمین کا تقرر بھی نہیں ہو رہا ہے جبکہ پاکستان کرکٹ کے بہت سارے معاملات پر موجودہ چیئرمین نے تاخیری حربے استعمال کرنا شروع کر دیئے ہیں تاکہ نئے آنے والے چیئرمین پی سی بی اپنے فیصلے کر سکیں۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ بعض افراد ایسی بھی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں کہ نئے چیئرمین کا تقرر پی سی بی کے نئے گورننگ بورڈ کے ارکان سے ہی کرایا جائے تاہم اس کی نوبت آنے کا امکان نہیں ہے۔ بورڈ کے ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ میں سپاٹ فکسنگ کے ایشو نے موجودہ چیئرمین کی ساکھ متاثر کی ہے جس کی بنا پر نئے چیئرمین کا تقرر عمل میں لایا جا رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن