• news

وزیراعلیٰ خیبر پی کے نے امام کعبہ عبدالرحمن السدیس کو سرکاری دعوت پر مدعو کر لیا

پشاور (آن لائن) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے امام کعبہ شیخ عبدالرحمان السدیس کو اُن کے 8 اپریل کو خیبرپختونخوا کے دورے کے موقع پر صوبائی حکومت کے مہمان کی حیثیت سے مدعو کیا ہے ۔ اُن کی طرف سے سعودی سفیر کو لکھے جانے والے ایک خط میں وزیراعلیٰ نے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ امام کعبہ اپنے دورے کے دوران صوبائی مہمان کے طور پرپشاور کا دورہ کریں ۔ صوبائی حکومت امام کعبہ کی سرکاری حیثیت میں مہمان نوازی کے علاوہ اُنہیں اسلامی قوانین کے نفاذ اوردینی اقدار کی ترویج کے سلسلے میں صوبائی حکومت کے اقدامات سے بھی آگاہ کریں گے ،وزیراعلیٰ امام کعبہ کو صوبے میں نجی سودی کاروبار پر پابندی سمیت اسلامی قوانین کے نفاذ، دینی مدارس کے لئے خصوصی فنڈ کے اجراء، نیز پہلی بار ختم نبوت اور سیر ت النبی کے مضامین کو تعلیمی نصاب میں شامل کرنے اور پرائمری سکولوں کی سطح پر ناظرہ قرآن جبکہ انٹرمیڈیٹ تک قرآن با ترجمہ پڑھانے سمیت اسلامی تعلیمات کے فروغ کیلئے صوبائی حکومت کے اقدامات سے آگاہ کریں گے ۔

ای پیپر-دی نیشن