• news

بیگناہوں کو مارنے والے طالبان کے حق میں نہیں ہیں: مولانا سمیع الحق

بنوں(صباح نیوز) جمعیت علمائے اسلام (س)کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ بے گناہوں کو مارنے والے طالبان کے حق میں نہیں ہیں، طالبان آج تن تنہا لادینی قوتوں برسر پیکار ہیں۔ مدرسہ المرکزاسلامی غوریوالہ بنوں میں حفاظ کرام اور علما کے جلسہ دستاربندی اور ختم بخاری شریف کے موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سمیع الحق نے مزید کہاکہ غیر مسلموں کوہمارے حج، زکوٰة ، نماز، روزہ اور تبلیغ پرنہیں جہاد پر اعتراض ہے۔ وہ جہادکو دہشت گردی کا نام دیتے ہیں تاہم ظالم سامراج کے خلاف کھڑا ہونا اورجہاد کرنا فرض ہے۔ دارالعلوم حقانیہ کو دہشت گردی کا گڑھ قرار دینے کی سازشیں کی جا رہی ہیں حالانکہ وہاں مختلف قوموں سے تعلق رکھنے والے 15ہزار سے زائد طلبا اور علما پڑھ رہے ہیں، وہ اتنے مہذب ہیں کہ آج تک کسی نے ایک دوسرے کو تھپڑ بھی نہیں مارا۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ اور لادینی قوتوں سے قرآن کی تیاری اور ان کی جدوجہد برداشت نہیں ہوتی، یہ لوگ کہتے ہیں کوئی توہین رسالت کرے تو انہیں سزا نہ دی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن