,'اسلام آباد ہائیکورٹ: عمران فاروق کیس سے دہشت گردی کی دفعات ختم کرانے کیلئے درخواست دائر
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) متحدہ کے سینئر رہنما ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے ملزم محسن علی نے مقدمے سے دہشتگردی کی دفعات ختم کرانے کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔ ملزم کی درخواست پر عدالت نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس محسن اختر کیانی نے درخواست کی سماعت کی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ انسداد دہشتگردی کی دفعات ختم کر کے عمران فاروق قتل کیس کی سماعت سیشن کورٹ میں کرنے کا حکم دیا جائے۔ واضح رہے کہ انسداد دہشتگردی عدالت نے اس سے قبل یہ درخواست مسترد کر دی تھی۔