خودکش حملہ آور کا سر اشتہار میں موجود تصویر سے مشابہہ ڈی این اے سے تصدیق ممکن ہو سکے گی
لاہور (نیٹ نیوز) ذرائع کا کہنا ہے کہ بیدیاں روڈ پر دھماکے کے بعد ریسکیو اور فرانزک ٹیموں کو ملنے والا مبینہ حملہ آور کا سر اشتہار میں موجود تصویر سے مشابہت رکھتا ہے تاہم اس کی تصدیق ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد ہی ممکن ہو سکے گی۔ پولیس ذرائع کے مطابق خفیہ ایجنسیوں کو ایک ماہ قبل لاہور میں ایک دہشت گرد کے داخل ہونے کی اطلاع موصول ہوئی، مذکورہ دہشت گرد عرفان نامی شخص کے ہمراہ کرولا گاڑی میں سوار ہو کر لاہور میں داخل ہوا تھا۔ خدشہ ہے کہ بیدیاں روڈ پر خودکش حملہ کرنے والا کہیں وہی شخص تو نہیں جس کے داخلے کی اطلاع دی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق اس شخص کے حوالے سے اشتہار بھی تیار کیا گیا تھا جس میں اس کی تصویر سمیت دیگر تفصیلات شامل تھیں۔ یہ اشتہار مرکزی پولیس سٹیشنز اور مختلف عوامی مقامات پر چسپاں کیا گیا تھا، جبکہ وائرلیس کے ذریعے مختلف تھانوں کے سٹیشن ہاؤس آفیسرز کو بھی اس کے متعلق آگاہ کیا گیا تھا۔