ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے پُرعزم ہیں: چیئرمین نیب
اسلام آباد (آن لائن) چیئرمین نیب قمرزمان چودھری نے کہا ہے کہ نیب اپنے افسران اور سٹاف کی تربیت کو اولین ترجیح دے رہا ہے، نیب افسران اور پراسیکیوٹرز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافہ کےلئے 2017ءکےلئے جامع تربیتی پروگرام وضع کیا گیا۔ نیب میں نئے بھرتی ہونے والے تفتیشی افسران کے لئے ٹریننگ پروگرام کے علاوہ ریفریشر ٹریننگ کورسز بھی منعقد کئے جائیں گے‘ نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے اور بدعنوان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کی قومی ذمہ داری کو پورا کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب ہیڈ کوارٹر میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں نیب میں این ٹی ایس کے ذریعے میرٹ پر نئے بھرتی ہونے والے 96 انویسٹی گیشن افسران کی تربیت کے منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران ڈائریکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ریسرچ نے بتایا کہ نیب میں نئے بھرتی ہونے والے 96 تفتیشی افسران کی تربیتی پروگرام بیسک انڈکشن کورس”آئی بی آئی سی 8 “2017ءکے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ نیب کے ہیومن ریسورس منیجمنٹ ونگ نے بھرتیوں کا عمل میرٹ پر مکمل کیا اور نئے بھرتی ہونے والے تفتیشی افسران کو 17 اپریل 2017ءسے شروع ہونے والے تربیتی پروگرام میں شرکت کے لئے آفر لیٹر جاری کر دیئے ہیں۔ نیب کے ٹریننگ اینڈ ریسرچ ڈویژن نے نئے بھرتی ہونے والے تفتیشی افسران کی تربیت کے لئے انویسٹی گیٹر بیسک انڈکشن کورس ”آئی بی آئی سی 8“ پولیس ٹریننگ کالج سہالہ میں منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کی ہدایت پر سابق کورس کے مواد کو بہتر بنانے کے لئے نیب کے تمام علاقائی ڈویژنوں اور نیب ہیڈ کوارٹر کے ڈویژنوں میں بھیجا گیا۔ تمام شعبوں کی آراءاور تجاویز کو مد نظر رکھتے ہوئے ریفریشرکورسز پر نظر ثانی کرکے انہیں بہتر بنایا گیا ہے لاانفورسمنٹ ‘گورنمنٹ ورکنگ لا ‘ تفتیش ‘ وائٹ کالر کرائم ‘ آگاہی و تدارک اور سٹڈی وزٹ سمیت 8 تربیتی ماڈیول واضع کئے گئے ہیں۔ معیار اور یکسانیت کو یقینی بنانے کے لئے تشویشی افسران کی استعداد کار میں اضافے کے لئے معیاری سلیبس وضع کیا گیا ہے جس سے نیب میں قواعدو ضوابط ‘کام کرنے کے معیاری طریقہ کار اور معیاری کارکردگی کے حصول میں مدد ملے گی۔