• news

گوجرانوالہ: بااثر افراد اور سرکاری ملازمین کا ستایا جاپانی سرمایہ کار انصاف کیلئے عدالت پہنچ گیا، متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) بااثر افراد اور سرکاری ملازمین کا ستایا جاپانی سرمایہ کار انصاف کیلئے عدالت پہنچ گیا، فاضل جج نے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔ جاپانی سرمایہ کار کیکوچی ہیرو نے سمبڑیال میں اپنے دو جاپانی ساتھیوں اور مقامی افراد یاسین اور ایاز وغیرہ کے ساتھ مل کر 35 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے 40 سے زائد گھروں پر مشتمل ہاﺅسنگ کالونی کا منصوبہ شروع کرنے کیلئے پہلے مرحلے میں ساڑھے 10 کنال اراضی خریدی، جس کے بعد یاسین اور ایاز نے اپنے دیگر ساتھیوں اور محکمہ مال کے سرکاری ملازمین کی مدد سے جعلی اور بوگس دستاویزات تیار کرواکر جاپانی سرمایہ کاروں کو فرم سے نکال دیا اور جعل سازی سے 2 کروڑ روپے مالیت کی جگہ اپنے نام کروا لی۔ جاپانی شہری نے مبینہ فراڈ کی اطلاع اسسٹنٹ کمشنر کو دی جس پر محکمہ اینٹی کرپشن میں سرکاری ملازمین کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ اینٹی کرپشن عدالت سے ضمانتیں خارج ہونے کے باوجود محکمہ مال کے اہلکاروں محمود بھٹی اور رزاق کو تاحال گرفتارنہیں کیا گیا۔ کیکوچی ہیرو نے ایڈیشنل سیشن جج الیاس ریحان کی عدالت میں اینٹی کرپشن اور پولیس کے خلاف رٹ پٹیشن دائر کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کرنے کی استدعا کی جس پر عدالت نے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن