لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمشن کا حکم معطل کر دیا پی ٹی آئی کے امیدوار کو چکوال ضمنی الیکشن بلے کے نشان پر لڑنے کی اجازت، پی پی نے اتحاد ختم کر دیا
لاہور (آن لائن+ خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمشن کے حکم کو معطل کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما کرنل سلطان کو پی پی 23 چکوال سے بلے کے نشان پر ضمنی انتخاب لڑنے کی اجازت دیدی۔ راولپنڈی بنچ کے جسٹس فرخ عرفان نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے کرنل (ر)سلطان اعوان کو پی پی 23 چکوال سے بلے کے نشان پر ضمنی انتخاب لڑنے کی اجازت دیدی۔یاد رہے کہ الیکشن کمشن نے پی ٹی آئی کو انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانے کی بنا پر بلے کے نشان پر آئندہ انتخابات لڑنے سے روک رکھا تھا۔ دریں اثناء پیپلز پارٹی نے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کی حمایت اور اتحاد ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ چوہدری منظور احمد نے کہا ہے کہ فیصلہ عمران کی جانب سے پارٹی قیادت پر حملوں کے بعد کیا گیا۔ الزام تراشی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔