• news

اسلام آباد کے داخلی‘ خارجی راستوں پر خصوصی چیک پوسٹیں بنیں گی

اسلام آباد(ایجنسیاں) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی نے اسلام آباد میں سکیورٹی کے لیے مزید اقدامات کی منظوری دے دی ہے۔ چوہدری نثار نے اسلام آباد ٹریفک پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ مئی کے آخر تک وفاقی دارالحکومت کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر ریڈیو فریکوئنسی آئیڈینٹیفکیشن ڈیوائس نصب کردی جائے۔ ان راستوں کو سیف سٹی منصوبے سے منسلک کیا جائیگا۔ یہ فیصلہ چوہدری نثار کی سربراہی اجلاس میں کیا گیا جس کا مقصد مسافروں کے داخلے و اخراج کے عمل کو ہموار بنانا اور اسلام آباد کی سکیورٹی میں اضافہ کرنا ہے۔ چوہدری نثار نے چیئرمین نادرا کو ہدایت کی کہ آر ایف آئی ڈی سسٹم میں چہرے کو شناخت کرنے کی ٹیکنالوجی شامل کرنے کے لیے معاونت کریں۔ انہوں نے کہا کہ آر ایف آئی ڈی ٹیگنگ سسٹم مسافروں کو متعدد پولیس چیک پوائنٹس پر پیش آنے والی پریشانی سے نجات دلائے گا جبکہ اس کے ذریعے اسلام آباد پولیس افرادی قوت کو مکمل طور پر بروئے کار لانے کے قابل بھی ہوسکے گی۔ وزیرداخلہ نے نادرا اور اسلام آباد پولیس کو ہدایت کی کہ وہ دو ہفتوں کے اندر شہریوں کو آر ایف آئی ڈی ٹیگز کے اجراء اور اس سسٹم پر آنے والے اخراجات کا جائزہ مکمل کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن