• news

متحدہ والے منی لانڈرنگ میں ملوث، بھتے کیلئے فیکٹریوں کو آگ لگا دیتے ہیں اے ڈی خواجہ اچھے افسر ہیں : خورشید شاہ

سکھر(آن لائن+آئی این پی) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے 2013ء کے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) نے اپنے دوستوں کے ذریعے پیپلز پارٹی پر دبائو ڈالا، ایم کیو ایم کا وائٹ پیپر جاری کرنا ایسے ہے جیسے سورج کو چراغ دکھانا‘ ملک میں نقل کی روک تھام کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں ، امتحانی مراکز اور آئی بی اے پبلک سکول کے دورہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ملک بھر میں نقل کی روک تھام کے لئے ایمرجنسی کا نفاذ کرنا ضروری ہے۔ تمام صوبوں کے امتحانی مراکز میں نقل ہورہی ہے۔ نقل کی روک تھام کیلئے ہم چاہتے ہیں ہمارا معاشرہ پڑھا لکھا معاشرہ ہو۔ سندھ میں 70فیصد پرائمری تعلیم معیار سے کم ہے۔ صوبے بھر میں سات ہزار ٹیچر کی ضرورت ہے۔ ہماری پچھلی حکومت میں چار ہزار ٹیچر بھرتی کئے جارہے تھے جو مڈل پاس تھے ان کا نوٹس لیا اور بھرتیاں رکوائی۔ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے صوبے میں تمام کالی بھیڑوں کا صفایا کرنا ہوگا جو پرچہ آئوٹ کرتے ہیں اور چند روپوں کی خاطر طلباء کے مستقبل سے کھیلتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا میں سیاستدان ہوں میرا منہ نہ کھلوائیں متحدہ کے لوگ تو بھتے کے لئے فیکٹریوں کو آگ لگا دیتے ہیں ۔ ایم کیو ایم کے کچھ لوگ منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں کچھ بھاگ گئے کچھ ارب پتی بن گئے۔ انہوں نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا پلاسٹک کی تھیلی پر پابندی کیلئے قانون بنائے کیونکہ پلاسٹک کی تھیلی ماحول کو تباہ اور کچرے میں اضافہ کا سبب بنتی ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ اچھے افسر ہیں لیکن انہیں ہٹانا سندھ حکومت کا اختیار ہے۔ خورشید شاہ نے کہا پنجاب کے ہسپتال ٹوٹے ہوئے ہیں‘ سب کو کراچی کا کچرا نظر آرہا ہے۔حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا وزیراعلیٰ پنجاب غریبوں کا رونا روتے ہیں عملی کام نہیں کرتے۔

ای پیپر-دی نیشن